چیف سلیکٹر کی زیرصدارت اجلاس میں آج کھلاڑیوں کی ناقص پرفارمنس کا جائزہ لیا جائیگا

چیف سلیکٹر کی زیرصدارت اجلاس میں آج کھلاڑیوں کی ناقص پرفارمنس کا جائزہ لیا ...

لاہور ( سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر ہارون رشید کی درخواست پر آج میٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جس میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں انتہائی ناقص پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس چیف سلیکٹر ہارون رشید کی درخواست پر طلب کیاگیاہے۔ جس میں ایگزیکٹوبورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ہیڈ کوچ وقاریونس اور بولنگ کوچ مشتاق احمد بھی شرکت کریں گے۔ میٹنگ میں انگلینڈ کے خلاف مسلسل چھ میچز میں شکست کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول بھی خوش گوار نہیں ہے اور چند کھلاڑی ٹیم میں اپنی جگہ کو غیر محفوظ سمجھتے ہوئے سوفیصد پرفارم نہیں کرپارہے۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید ٹیم انتظامیہ کی جانب سے محدود اوورز کے میچز کیلئے منتخب کھلاڑیوں کو درست طور پر استعمال نہ کرنے ،غیرضروری تبدیلیوں اور تجربات پرسخت ناخوش ہیں اور وہ چیئرمین کی موجودگی اس بارے میں وضاحت چاہتے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی