قائداعظم کرکٹ ٹرافی،لاہور بلیوز اور فاٹا ٹیموں کی جیت

قائداعظم کرکٹ ٹرافی،لاہور بلیوز اور فاٹا ٹیموں کی جیت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(اے پی پی) قائد اعظم کرکٹ ٹرافی 2015-16ء میں لاہور بلیوز نے اسلام آباد اور فاٹا نے راولپنڈی کو شکست دے دی۔ ڈائمنڈ کلب گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے چار روزہ میچ کے تیسرے روز لاہور ریجن بلیوز نے 95 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو لاہور کی ٹیم 159 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس نے اسلام آباد کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 178 رنز کا ہدف دیا، بلاول اقبال 42 رنز بنا کر نمایاں رہے، حسن علی نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں اسلام آباد کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم لاہور کے باؤلرز نے اسے کامیاب نہ ہونے دیا اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 165 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، فیضان ریاض 35 اور شاہد یوسف 34 رنز بنا کر نمایاں رہے، احمد بشیر نے 4 جبکہ اعزازچیمہ اور بلاول اقبال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، پنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے روز فاٹا کی ٹیم نے 72 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر دوسری اننگز شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 108 رنز درکار تھے، محمد عرفان کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت فاٹا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، عرفان نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔