سیف گیمز ،سیکورٹی حالات کو مدنظر رکھ کر شرکت کا فیصلہ کرینگے،خالد محمود

سیف گیمز ،سیکورٹی حالات کو مدنظر رکھ کر شرکت کا فیصلہ کرینگے،خالد محمود

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل خالد محمود نے کہا ہے کہ بھارت میں اگلے سال 6 سے 16فروری تک ہونے والی سیف گیمز میں کھیلوں کے قومی دستہ کی شرکت کیلئے حکومتی پالیسی اور بھارت میں سیکورٹی حالات کو مد نظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیف گیمز میں شرکت کیلئے ملکی وقار اور عزت ہماری پہلی ترجیح ہوگی اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے تمام فیڈریشنوں کو اپنی تیاریاں جاری رکھنے اور کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپس لگانے کی ہدایت کی ہوئی ہے تاکہ سیف گیمز میں شرکت کا فیصلہ ہو تو ہماری تیاریاں مکمل ہوں۔ کھیلوں کی فیڈریشنیں تیاریوں کی ذمہ دار ہیں تاہم پی او اے بھی ان کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے۔ فیصلہ ہونے پر ہمارے 450 سے 500 مردو و خواتین اتھلیٹس سیف گیمز میں شرکت کریں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ کھلاڑی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی