12واں سارک ٹریڈ فیئرآج سے لاہور میں شروع ہو گا، 350سے زیادہ عالمی اورمقامی کمپنیاں شرکت کرینگی

12واں سارک ٹریڈ فیئرآج سے لاہور میں شروع ہو گا، 350سے زیادہ عالمی اورمقامی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (کامرس رپورٹر)12واں سارک ٹریڈ فیئر (آج) جمعہ سے لاہور میں شروع ہو گا جس میں 350سے زیادہ عالمی اورمقامی کمپنیاں شرکت کرینگی جبکہ سارک ممالک کے تجارتی میلے میں بھارت سے تعلق رکھنے والی 25 سے زائد کمپنیاں بھی شریک ہونگی۔ ٹریڈ ڈویلمپنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے ڈائریکٹر جنرل پنجاب شہزاد حسین رانا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 4 دسمبر سے شروع ہونے والے سارک ممالک کے 12ویں تجارتی میلے کے موقع پر ویمن ایکسپورٹ نیٹ ورک (ڈبلیو ای ایکس این ای ٹی) کی 9ویں نمائش بھی ہو رہی ہے ۔
سارک تجارتی میلہ لاہور میں ایکسپو سینٹر میں منعقد ہو رہا ہے جس میں ساڑھے تین سو سے زائد مقامی اورعالمی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔ بھارتی کمپنیوں کی جانب سے سارک تجارتی میلے میں شرکت کے حوالے سے دلچسپی میں ہونے والے اضافہ کے بارے میں شہزاد حسین رانا نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی سے رابطہ کرنے والی بھارتی کمپنیوں کو پاکستانی ویزے کے سلسلے میں بھر پور معاونت فراہم کی گئی ہے اور ان کو ویزوں کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات کاسامنا نہیں کرنا پڑا ۔ سارک تجارتی میلے کے حوالے سے تفصیلات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ تجارتی میلے میں سارک چیمبر نے 80سٹال بک کروائے ہیں جبکہ ویکس نیٹ کی نمائش میں 200سٹالز قائم کئے جائیں گے اور سارک تجارتی میلے میں 184سے زائد سٹالز قائم کئے جائیں گے جہاں ہر سارک ممالک کی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ سارک تجاریت میلے سے سارک ممالک کی باہمی تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی۔

مزید :

کامرس -