ٹویوٹاموٹرز کا10 ویں عالمی ٹویوٹا ڈریم کار آرٹ مقابلے کا اعلان

ٹویوٹاموٹرز کا10 ویں عالمی ٹویوٹا ڈریم کار آرٹ مقابلے کا اعلان

کراچی (اکنامک رپورٹر )ٹویوٹا موٹر کارپوریشن کی جانب سے 10 ویں عالمی ٹویوٹا ڈریم کار آرٹ کانٹیسٹ کا حال ہی میں اعلان کیا گیا ۔ یہ ایک عالمی مقابلہ ہے، اوراس کا سالانہ انتظام TMC جاپان اور انڈس موٹر کمپنی (IMC) پاکستان 2011ء سے کرر ہے ہیں۔ اس سال، انڈس موٹر کمپنی نے اپنے ڈیلرز کو دعوت دی ہے کہ وہ اس سرگرمی میں غیر مراعات یافتہ اور خصوصی ضروریات کے مستحق بچوں کو ضرور شامل کریں۔مقابلے کے بارے میں انڈس موٹر کمپنی کے ترجمان نے کہا :’’سال 2014 ء میں اس مقابلے کے لئے عالمی طور پر 875,000 فن پارے موصول ہوئے جن میں سے 15,800 پاکستان سے تھے ، اس طرح پاکستان کا اس مقابلے میں عالمی طور پر سب سے زیادہ تعداد میں حصہ لینے والوں میں چھٹا نمبر ہے۔

مقابلے کا بنیادی مقصد گاڑیوں کے ڈیلروں اور معاشرے کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔اس کا مقصد نوجوانوں میں ٹویوٹا برانڈ سے آگاہی،وابستگی اوررفاقت کو فروغ دینا ہے۔‘‘ترجمان نے مزید کہا کہ یہ مقابلہ 16 سال سے کم عمر کے تمام بچوں کے لئے ہے جنہیں تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلی کیٹیگری میں 8 سال سے کم عمر کے بچے شامل ہیں، دوسری اور تیسری کیٹیگری میں بالترتیب 8 تا 11 اور 12 تا 15 سال کی عمر کے بچے شامل ہیں۔تاہم، اس سال خصوصی بچوں کو بھی توجہ دی گئی ہے جنہیں اس طرح کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا بہت کم یا بالکل موقع نہیں ملتا۔اس مقصد کے لئے ایک خصوصی کیٹیگری ’’رائل کیٹیگری‘‘ کے نام سے بنائی گئی ہے جس میں خصوصی بچے شامل ہوں گے۔مقابلہ دو حصوں پر مشتمل ہوگا ، مقامی حصہ کا انتظام انڈس موٹر کمپنی کرے گی جب کہ عالمی حصہ جاپان میں منعقد ہوگا جس کا انتظام ٹویوٹا موٹر کارپوریشن کرے گی۔ہر کیٹیگری سے تین فن پارے منتخب کئے جائیں گے اس طرح کل نو ڈرائنگز پاکستان بھرسے مقابلے کے بعد منتخب کی جائیں گی جنہیں ایک آزاد پینل منتخب کرے گا، بعد ازاں ان ڈرائنگز کو عالمی مقابلے میں شامل کیا جائے گا۔یہ عالمی مقابلہ بچوں کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے کی خواہش کے تحت ہے، اور انہیں ایک ایسے پلیٹ فارم پر پیش کیا جاتا ہے جہاں وہ اپنے ’’خوابوں کی گاڑی‘‘ بناکر اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور تخیّل کا اظہار کرسکیں۔

مزید : کامرس