کاروباری برادری کی مشاورت سے ٹریفک کا نظام بہتر کررہے ہیں: سی ٹی او گوجرانوالہ

کاروباری برادری کی مشاورت سے ٹریفک کا نظام بہتر کررہے ہیں: سی ٹی او ...

لاہور (کامرس رپورٹر)گوجرانوالہ ایوان صنعت و تجارت میں چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ محمد آصف ظفر چیمہ نے کہا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ گوجرانوالہ میں ٹریفک کا بہاؤ تیز سے تیز تر ہوتا جا رہا ہے لیکن وسائل کی کم کے باوجود ٹریفک وارڈنز پوری جانفشانی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینے میں مصروف ہیں ۔ البتہ ہم اپنے کام میں مزید بہتر کیلئے کوشاں ہیں۔نیز کاروباری برادری کی تجاویز کومد نظر رکھتے ہوئے ٹریفک کے مسائل کو دور کرنے کیلئے مزید بہتر اقدامات کےئے جائیں گے۔اس وقت گوجرانوالہ میں ٹریفک وارڈنز کی تعداد نسبتاً کم ہے جس کیو جہ سے ہمیں کچھ مسائل کا سامنا ہے ۔ٹریفک وارڈنز کو سخت ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ٹریفک کو رواں دوراں رکھنے کیلئے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کارلایا جائے ۔نیز دوران ڈیوٹی لوگوں سے باعزت طریقے سے بات چیت کو یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ ایوان صنعت وتجارت کے اراکین سے خطاب کے دوران کیا۔جس کی صدارت گوجرانوالہ ایوان صنعت وتجارت کے صدر سمیع اللہ نعیم نے کی ۔اس موقع پرمحمد اقبال شاہین سینئر نائب صدر،شیخ عبدالرؤف نائب صدر،اراکین مجلس عاملہ ،سابق صدور شیخ محمد نسیم،اخلاق احمد بٹ،خواجہ خالد حسن ،بابوامتیاز حسین کے علاوہ دیگرممبران بھی موجود تھے۔چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ٹریفک کے نظام کو کنٹرول کرنے کیلئے لائن اینڈ لین کا خیال رکھا جا رہا ہے ۔ ایوان صنعت وتجارت کے اراکین کو ترجیحی بنیادوں پر ٹریفک لائسنس جاری کئے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے اور وارڈنز کی تعداد بھی کم ہے ۔آپ اس فورم سے اعلیٰ حکام کی توجہ ہمارے ان مسائل کیطرف بھی مبذول کروائیں تاکہ شہر کی ٹریفک کے معاملات میں بہتری لائی جا سکے ۔قبل ازیں گوجرانوالہ ایوان صنعت وتجارت کے صدرسمیع اللہ نعیم نے کہا کہ جی ٹی روڈ اور عزیز کراس چوک میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جائے ۔فٹ پاتھوں کو خوانچہ فروشوں اور ریڑھی بانوں کے قبضہ سے نجات دلائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ سے یو ٹرن ختم کئے جائیں اور پبلک ٹرانسپورٹرز کو سختی سے ہدایت کی جائے کہ وہ منظورشدہ سٹاپ کے علاوہ جی ٹی روڑ پر سٹاپ نہ کریں ۔ صدر ایوان صنعت وتجارت نے ٹریفک کے نظام کو بہتربنانے کیلئے چیف ٹریفک آفیسرکو اپنے مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی گئی ۔

مزید : کامرس