کسان پیکج کا فراڈ بے نقاب ہو چکا ہے،خواجہ عامر فرید کوریجہ

کسان پیکج کا فراڈ بے نقاب ہو چکا ہے،خواجہ عامر فرید کوریجہ

لاہور( نمائندہ خصوصی )پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور این اے154 لودھراں سے ٹکٹ ہولڈر خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا ہے وزیراعظم کا کسان پیکیج ایک فراڈ ہے جو بے نقاب ہوچکا ہے ۔لودھراں کے کسان چیک کیش نہ ہونے پر سراپا احتجاج ہیں ۔ڈسٹرکٹ انتظامیہ واشگاف الفاظ میں کہہ رہی ہے حکومتی امیدوار کی فتح پر ہی یہ چیک کیش ہونگے ۔انہوں نے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈا پور کو لودھراں کے حلقہ این اے 154 کے حوالے سے معلومات دیتے ہوئے کہا کہ پہلے پولیس بااثر خاندانوں کو حکومتی امیدوار کو ووٹ دینے پر ہراساں کررہی تھی اب پوری ڈسٹرکٹ انتظامیہ ،سرکاری محکمے حکومتی امیدوار کی انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ یہاں کے غریب عوام کو نوکریوں ،نقد پیسوں اور کسان پیکیج کے چیکوں کے ذریعے خریدا جارہا ہے ۔حکومتی دھاندلی روکنے میں ناکام چیف الیکشن کمشنر عدلیہ سے لڑائی کرنے میں مشغول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری چیف الیکشن کمشنر سے درخواست ہے کہ وہ عدلیہ سے لڑنے کی بجائے حکومتی دھاندلی اور سرکاری اداروں کی لاقانونیت کو روکیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1