میرٹ کا راگ الاپنے والوں کو عام آدمی کا ذرابھی احساس نہیں،شعیب صدیقی

میرٹ کا راگ الاپنے والوں کو عام آدمی کا ذرابھی احساس نہیں،شعیب صدیقی

لاہور( نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی کے پی پی147سے ایم پی اے محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ میرٹ اور گڈ گورننس کا راگ الاپنے والے حکمرانوں کو در حقیقت عام آدمی کا رتی برابر احساس نہیں ،پولیس سمیت تمام سرکاری ادارے بے حس ہو چکے ہیں اور عام آدمی کو رشوت ،سفارش اور حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔شعیب صدیقی نے اپنے حلقے میں لوگوں کے مسائل اور شکایات سننے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لاہور کو سونے کی چڑیا بنا رکھا ہے اور ہر مرتبہ بنی ہوئی سڑکوں کی توڑ پھوڑ کے ذریعے نئے سرے سے کمیشن مافیا سرگرم ہو جاتا ہے۔

،انہوں نے کہاکہ 165ارب روپے کے اورنج لائن ٹرین منصوبے میں ٹرین کے لیے صرف 40ارب روپے خرچ ہونے ہیں جبکہ 125ارب روپے دیگر اللوں تللوں پر اڑائے جائینگے ،شعیب صدیقی نے کہا کہ اہل لاہور اس منصوبے کے خلاف مظاہرے اور احتجاج کر رہے ہیں جبکہ ارباب اختیار کو صرف اپنی میگا کمیشن کی فکر لاحق ہے ،انہوں نے کہا کہ پی پی147کی کچی آبادیاں مسمار کی جا رہی ہیں جس پر وہ پنجاب اسمبلی میں آواز بلن کرینگے اس موقع پر لوگوں نے ایم پی اے شعیب صدیقی کو مختلف محکموں سے متعلق شکایات پیش کیں جن پر انہوں نے موقع پر ہی ایکشن لیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1