جمعیت علماء پاکستان10تا20دسمبر عشرہ امام نورانی منائے گی
لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماء پاکستان 10 تا 20 دسمبر ملک بھر میں عشرہ امام نورانی منائے گئی ورلڈ اسلامک مشن، متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ حضرت علامہ امام شاہ احمد نورانی صدیقی رحمتہ اللہ علیہ کی12 ویں یوم وصال کے موقع پر جمعیت علماء پاکستان ملک بھر میں عشرہ امام نورانی منائے گی ۔حضرت علامہ امام شاہ احمد نورانی 11 دسمبر 2003ء کو اُس وقت اپنے خالق حقیقی کی بار گاہ میں حاضر ہو گئے جب وہ اس وقت کے حکمران ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے کیے گئے غیر آئینی اقدامات کے خلاف جدوجہد کررہے تھے ۔امام نورانی زندگی بھر وطن عزیز میں نظام مصطفےٰﷺ کے لئے جدوجہد کرتے رہے۔ انہوں نے تحریک پاکستان ، استحکام پاکستان ،اتحاد اُمت اور ملک کو اسلام کا گہوارہ بنانے کے لئے جہدو مسلسل کی ۔جمعیت علماء پاکستان ہر سال 11 دسمبر کو ملک اور بیرونی ملک ان کا یوم اور ’’عشرہ امام نورانی‘‘ مناتی ہے ۔عشرہ امام نورانی کے سلسلہ میں لاہور میں بڑا پروگرام ’’امام نورانی سیمینار‘‘ 11 دسمبر کولاہور پریس کلب کے ہال میں منعقد ہو گا۔سیمینار سے مفتی محمد خان قادری ،خواجہ سعد رفیق ،لیاقت بلوچ، پیر اعجاز احمد ہاشمی،اعجاز چودھری (پی ٹی آئی)،اوریا مقبول جان ،علامہ قاری محمد زوار بہادر،مولانا عبدالرؤف فاروقی ،مولانا محمد امجد خان، رانا شفیق پسروری،حافظ کاظم رضا نقوی،ڈاکٹر جاوید اعوان ،حافظ نصیر احمد نورانی،مفتی تصدق حسین کے علاوہ دیگرسیاسی قائدین،علماء و مشائخ اور دیگر رہنماء خطاب کریں گے۔