غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ اور لیبارڈ کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے عالمی دن پر تقریب

غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ اور لیبارڈ کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے عالمی دن پر تقریب

لاہور(پ ر)غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ اور لبارڈ کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دیہاتوں میں قائم ٹرسٹ کے سکولوں کے خصوصی طلبہ و طالبات کے علاوہ لاہور میں سپیشل ایجوکیشن پر کام کرنے والے اداروں سے بھی سپیشل بچوں اور افراد نے شرکت کی ۔ تقریب میں ممبران قومی اسمبلی پرویز ملک ، منزہ حسن ، شائستہ پرویز ملک ، لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر امجد ثاقب ، مجیب الرحمن شامی ، رؤف طاہر ، فرخ سہیل گوئندی ، توفیق بٹ سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے لیڈروں ، سینئر صحافیوں ، شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد ، خصوصی تعلیم پر کام کرنے والے نجی و سرکاری اداروں کے طلباء و طالبات اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی ۔ تقریب کا مقصد خصوصی افراد کے ہم آواز ہونا اور معاشرے میں ان کی اہمیت اجاگر کرنے کے حوالے سے آگہی پیدا کرنا تھا ۔ تقریب میں مقررین نے اس امر کا اظہار کیا کہ جس طرح ہوا ، پانی ، خوراک ، لباس اور تعلیم ہر عام بچے کا فطری بنیادی حق ہے ، اسی طرح کسی سپیشل بچے کو بھی اس حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو تعلیم کا حق دئیے بغیر سو فیصد شرح خواندگی کا ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں ہے ۔ مقررین نے اس امر پر افسوس کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کے کارپرداز کے پاس موجود عوامی مسائل کی فہرست میں خصوصی افراد کی تعلیم اور معاشرے میں انہیں باعزت مقام دینے کا عمل کافی نچلے درجے پر ہے جبکہ یہ کوششیں زیادہ تر شہروں تک محدود ہیں اور دیہی سطح پر ریاست یا سماج کی طرف سے ان کیلئے کوئی واضح منصوبہ بندی اور موثر حکمت عملی سامنے نہیں آرہی ۔ انہوں نے اس خلا کو پُر کرنے کیلئے خصوصی افراد کو زندگی کے تمام پہلوؤں میں رسائی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4