الرازی ہال میں تقریب،خصوصی بچوں کاشہداء آرمی پبلک سکول کو خراج عقیدت

الرازی ہال میں تقریب،خصوصی بچوں کاشہداء آرمی پبلک سکول کو خراج عقیدت

لاہور( خبر نگار خصوصی)پنجاب یونیورسٹی چائلڈ ویلفیئرسنٹر کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے عالمی دن پر الرازی ہال میں منعقدہ تقریب میں خصوصی بچوں نے آرمی پبلک سکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ٹیبلو پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں پوری قوم یکجا ہے جس پر حاضرین نے کھڑے ہو کر انہیں داد دی۔اس موقع پر پرنسپل لاء کالج ڈاکٹر شازیہ قریشی، ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر ممتاز اختر، نائب صد ر آسا ڈاکٹر عابد حسین چوہدری، سیکریٹری ڈاکٹر محبوب حسین، پرنسپل چائلڈ ویلفیئرسنٹر عائشہ وجہہ اللہ، سماجی کارکن راجہ منور، ڈاکٹر حمیرا بانو، منور ملک ، خصوصی بچوں کے والدین، اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر شازیہ نے کہا کہ ایسی تقاریب خصوصی افراد کی معاشرے میں حوصلہ افزائی کر کے ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے والدین اور اساتذہ جس انداز میں ان کی تربیت کرتے ہیں وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر چائلڈ ویلفیئر سنٹر کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈاکٹر ممتاز نے کہا کہ نارمل افراد کو پڑھانا آسان کام ہے مگر خصوصی افراد کی تربیت نہایت صبر آزما کام ہے اور خوشی ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر انتظام کام کرنے والے چائلڈ ویلفیئرسنٹر کے اساتذہ کی محنت سے بچوں میں سیکھنے کا ہنر پرورش پا رہا ہے۔ ڈاکٹر عابد حسین نے کہا کہ باصلاحیت خصوصی بچوں کیلئے بڑے پیمانے پر تقریب کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ انہیں دیکھ سکیں۔ راجہ منور نے کہا کہ خصوصی بچے معذوری کے ساتھ ایسا کام کر رہے ہیں جس کیلئے انہیں سپر چائلڈ کہنا زیادہ بہتر ہے۔ڈاکٹر محبوب حسین نے کہا کہ اگر رینکنگ میں خصوصی بچوں کے حوالے سے بھی جانچ ہو تو پنجاب یونیورسٹی پاکستان کی نمبر ون یونیورسٹی نظر آئے گی ۔ منور ملک نے کہا کہ خصوصی بچے ہی مستقبل میں ایوارڈ ہولڈر بن کر اپنے ادارے، اساتذہ اور والدین کا نام روشن کرتے ہیں۔ تقریب میں خصوصی بچوں نے قوالی اور صوفیانہ کلام بھی پیش کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4