حکمرانوں کو عوام نہیں اپنے کاروبار کی فکر ہے،سعدیہ سہیل رانا

حکمرانوں کو عوام نہیں اپنے کاروبار کی فکر ہے،سعدیہ سہیل رانا

لاہور(لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے نواز مودی خفیہ ملاقاتوں پر شدید ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے لئے حکمرانوں کی حب الوطنی کا اندازہ لگانا اب مشکل نہیں شریف خاندان کو صرف اپنے کاروبار کی فکر ہے عوام سے کوئی سروکار نہیں میاں برادران عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ خراب کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی نریندر مودی سے ملاقات جس کا انکشاف بھارتی صحافی کی جانب سے کیا گیا ہے انتہائی تشویشناک اور باعث حیرت ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں کی خوشحالی کیلئے بھارت اور پاکستان کے مابین پرامن تعلقات کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ۔

کیونکہ امن ہی کے ذریعے خطے میں معاشی ترقی ہوگی اور سرمایہ کاری و تجارت کے مواقع پیدا ہوں گے۔ دیرپا امن کیلئے تنازعات کا حل پیش کرنا ہوگا اور پاکستان اور بھارت کے مابین بین الاقوامی سرحد اور جنگ بندی لائن پر تناؤ میں کمی لانا ہوگی۔ نواز شریف کے کاروباری مفادات، قومی مفادات سے واضح طور پر متصادم ہیں۔ بدقسمتی سے وزیر اعظم بھارت کے حوالے سے کوئی ٹھوس حکمت عملی اپنانے اور قوم کو اس سے آگاہ کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4