مسلم لیگ(ن) رحیم یار خان میں بھی کامیاب ہو گی،رانا عبدالشکور

مسلم لیگ(ن) رحیم یار خان میں بھی کامیاب ہو گی،رانا عبدالشکور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اورحتمی مرحلے میں مسلم لیگ (ن) ملک بھر کی طرح رحیم یارخان میں بھی کلین سویپ کرے گی ۔ہمیشہ کی طرح اب کی بار بھی (ن) لیگ ہی ایک دفعہ پھر عوام کے ووٹوں کی طاقت سے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہوکر عوامی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔اپنی شاندار روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مزدور اورمحنت کش طبقہ کی فلاح وبہبود میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اوراس سلسلے میں انقلابی اقدامات اٹھاتی رہے گی تاکہ محنت کش طبقہ بھی برق رفتار ترقی کی دوڑ میں شامل ہو کر اپنے معیار زندگی کو بہتر بناسکے ۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) لیبر ونگ ضلع رحیم یار خان کے ضلعی صدر رانا عبدالشکور نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کار نر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی مزدور اورکسان دوست پالیسیوں کے تسلسل کی وجہ سے محنت کش طبقہ کا معیار زندگی ماضی کی نسبت بہتر ہوا ہے ۔ پنجاب حکومت نے بجٹ میں مزدور کی کم ازکم اجرت مقرر کرکے مزدوروں کے حقوق کی محافظ ہونے کا ثبوت دیا ہے اوراس حوالے سے آجر اورسرمایہ داروں کے ہاتھوں مزدوروں کے استحصال کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اوردوسرے مرحلے کی طرح عوام ن لیگ کو ہی ووٹ دیں گے ۔ن لیگ کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور5دسمبر کا سورج ن لیگ کی فتح اورکامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔ رحیم یارخان کی عوام کو مسلم لیگ (ن) کی قیادت وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اوروزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف پر بھرپور اوراندھا اعتماد ہے ۔چونکہ ن لیگ محض وعدوں اورکھوکھلے نعروں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اورعوام بھی بخوبی آگاہ ہیں کہ شریف برادران اس حوالے سے ملک بھر کی سیاسی لیڈر شپ میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے ۔جنہوں نے پنجاب بھر کی طرح رحیم یارخان میں گزشتہ چند برسوں میں بے شمار ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے۔