ملائیشین جہاز ایم ایچ 370 کی تلاش صحیح علاقے میں جاری ہے ،آسٹریلوی حکام

ملائیشین جہاز ایم ایچ 370 کی تلاش صحیح علاقے میں جاری ہے ،آسٹریلوی حکام

سڈنی(کے پی آئی)آسٹریلوی حکام نے کہاہے کہ ملائیشین ایئر لائنز کے تقریبا دو برس قبل لاپتہ ہونے والے مسافر جہاز جہاز ایم ایچ 370 کے ملبے کی تلاش درست علاقے میں جاری ہے۔آسٹریلیا کے دفاعی ادارے کے تحت کی جانے والی معلومات کے نئے تجزیے کے مطابق ملبہ ممکنہ طور پر بحر ہند کی جنوبی جانب ہو سکتا ہے، اس لیے جہاز کی تلاش کے لیے بھی اسی حصے پر توجہ دی جا رہی ہے۔جہاز کے پر کا ٹکڑا یقینی طور پر ملائشیا کے لاپتہ طیارے کا ہے۔2014 میں کوالالمپور سے چین کے شہر بیجنگ جا تے ہوئے ملائیشین ائیر لائن کا مسافر طیارہ لا پتہ ہوگیا تھا۔ جہاز پر اس وقت 239 افراد سوار تھے۔آسٹریلیا کے نائب وزیر اعظم وارن ٹراس کا کہنا ہے کہ حکام پر امید ہیں کہ جہاز کو ڈھونڈ لیا جائے گا۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے جون 2016 تک جہاز کی تلاش ختم کردی جائے۔جہاز کی تلاش آسٹریلیا کی نگرانی میں اس کے شہر پرتھ سے دو ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر تقریبا سوا لاکھ مربع کلومیٹر رقبے پرسمندری تہہ میں جاری ہے۔اس تلاش میں مخصوص بحری جہازوں کے زیرِآب ڈرونز اور سونار آلات استعمال کیے جارہے ہیں۔جہاز کی تلاش کے عمل کی نگرانی کرنے والے آسٹریلوی ادارے جوائنٹ ایجنسی کوآرڈی نیشن سنٹر (جے اے سی سی) کا کہنا ہے کہ 75 ہزار مربع کلومیٹر سے زائد سمندری تہہ کو چھانا جا چکا ہے تاہم جہاز کے کوئی آثار نہیں ملے ہیں۔

مزید : عالمی منظر