شہداء پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم شہداکی تیاریاں عروج پر

شہداء پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم شہداکی تیاریاں عروج پر

لاہور(کرائم رپورٹر)عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کی جنگ میں جانوں کا نذرانہ دینے والے پولیس شہداء کی فیملیز کے ساتھ اظہار یکجہتی اور شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے صوبے بھر میں یوم شہداء کے سلسلے میں 13دسمبر 2015 کو منعقد کی جانے والی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس گزشتہ روزسنٹرل پولیس آفس لاہور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب نسیم الزمان، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز /انوسٹی گیشن کیپٹن (ر) عارف نواز، ایڈیشنل آئی جی ویلفےئر اینڈ فنانس سہیل خان، ایڈیشنل آئی جی PHP ڈاکٹر عارف مشتاق ،ایڈیشنل آئی جی لیگل علی ذولنورین، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز فاروق مظہر، ڈی آئی جی ویلفےئر اینڈ فنانس جان محمد، ڈی آئی جی IT شاہد حنیف، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شفیق گجر، ڈی آئی جی ٹریفک رانا محمد اقبال، ڈی آئی جی ٹریننگ سعد اختر بھروانہ، ڈی آئی جی کرائم محمد اعظم اور ڈی آئی جی ویجیلنس آغا یوسف کے علاوہ سی پی او کے دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں متعلقہ ڈی پی اوز شہداء کی فیملیز کے ساتھ تقریبات منعقد کریں گے اور پولیس لائنز میں شہداء کو سلامی پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شہداء کی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور اسی سلسلے میں مرکزی تقریب لاہور میں منعقد ہو گی اور صوبے بھر میں شہداء کے بچوں اور بیواؤں کو تحائف دینے کے ساتھ ساتھ کھانوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔اجلاس میں شہیدوں کے بچوں کو تعلیمی وظائف کی ایک سال کی ایڈوانس ادائیگی کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کا مقصد ان کی تعلیم کو بغیر تعطل جاری رکھنا ہے۔ اجلاس میں پولیس کی ویب سائٹ کو Up-gradeکرنے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی I.Tکو کہا کہ وہ بلیک بک، ریڈ بک ، سنگین جرائم میں ملوث ملزم، گمشدہ بچوں، لاوارث لاشوں اور سٹریٹ کرائم میں ملوث ملزموں کی تصویروں اور ان کے ایڈریس کو بھی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں تا کہ عوام کو بھی آگاہ رکھا جا سکے۔

مزید : علاقائی