کے کے فلم پروڈکشنز اور ہم فلمز کانئی فیچر فلم ’’زہرعشق‘‘بنانے کا اعلان
لاہور (فلم رپورٹر)کے کے فلم پروڈکشنز اور ہم فلمز نے اپنی نئی فیچر فلم ’’زہرعشق‘‘بنانے کا اعلان میریٹ ہوٹل کراچی میں منعقد ایک ستاروں سے سجی تقریب میں کیا گیا ۔ ’’زہر عشق‘‘کو پاکستان اور ترکی کے مشترکہ ثقافتی اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے جب کہ فلم کی شوٹنگ بھی ترکی اور پاکستان میں کی جائے گی۔تقریب کے مہمان خصوصی ترکی کے قونصل جنرل مرات ایم اونارٹ نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے ترکی میں فلمائی جانے والی فلموں کو سراہتے ہوئے اس سلسلے کو جاری رکھنے پر زور دیا۔اس موقع پر ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی اور ہم فلمز کے نائب صدربدر اکرام نے کہا کہ ہم نیٹ ورک ہمیشہ پاکستان کی ترقی کے لئے کوشاں رہتا ہے ‘ پاکستان میں بننے والی پروڈکشنز کے لئے ’’ہم ‘‘ہمیشہ آگے رہے گا ۔ اس موقع پر فلم کے مصنف محمد آصف اور موسیقار وقار علی بھی موجود تھے جنہوں نے فلم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔’’زہر عشق ‘‘کی کہانی 21ویں صدی کے عشق کی داستان ہے جو صوفی ازم اور مولانا رومی کے فلسفے سے متاثر ہے ۔
اس موقع پر فلم کے ڈائریکٹر خالد خان نے کہا کہ اس موضوع پر فلم بنانا ان کا ہمیشہ سے خواب تھا جس کی تعبیر ‘‘زہر عشق ‘‘کی صورت میں نمودار ہورہی ہے۔فلم میں نہ صرف نوجوانوں کے پسندیدہ نئے چہروں بلکہ ڈرامہ صنعت کے منجھے ہوئے ناموں کوبھی شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ خالد خان قبل ازیں سوُ کھے پتے‘انوکھا بندھن اور بھردے جھولی جیسے معروف ڈرامے پیش کرچکے ہیں۔