باری تھیٹرمیں عوام کو معیاری تفریح کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں،عابد حمید

باری تھیٹرمیں عوام کو معیاری تفریح کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں،عابد حمید

لاہور(فلم رپورٹر)تجربات کے دورختم ہوگئے، باری تھیٹرآج سے باقاعدہ فنی دور کا آغاز کرے گا ،ہم عوام کو معیاری تفریح کے ساتھ اچھا ماحول بھی دینے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پروڈیوسر اور باری تھیٹر کے اونر عابد حمید نے نئے سٹیج ڈرامہ ’’حسینہ سیلفی‘‘ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔افتتاحی تقریب میں ملک طارق، سخی سرور، جاوید پٹواری ، گوشی خان ، محمد عاطف ، عمران حمید ، لالہ شہزاد ، مجاہد عباس ، منیر راج ، طاہر نوشاد، عالیہ چودھری ، حامد رنگیلا ، شکیل چن ، سرفراز وکی ، چنگیز اعوان کے علاوہ راحیل باری اور خرم باری بھی موجود تھے ۔ عابد حمید نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں باری تھیٹر ایک خوبصورت اضافہ ہے ، بدقسمتی سے ہم اسے اس طرح لانچ نہیں کرسکے جس کی ہم سے توقع کی جارہی تھی۔اب پروڈیوسر محمد حنیف کے ساتھ اس کو ایک مثالی تھیٹر بنانے کے لئے نئے جوش وجذبے کے ساتھ میدان میں آرہے ہیں ۔ اس کے لئے ہم تھیٹر کی تزئین وآرائش کے علاوہ معروف رائٹرز اور فنکاروں کے ساتھ ڈرامہ پیش کریں گے ۔

چار دسمبر بروز جمعہ کو شروع ہونے والے ڈرامہ ’’حسینہ سیلفی‘‘ میں اداکارہ پائل چودھری ، سونیا سیٹھی، رائمہ خان ، ثوبیہ خان ، چاند برال ، ندیم برال ، سلیم پنچھی ، گوگا جی شامل ہیں ۔ اس ڈرامہ کے رائٹر منیر راج اور ڈائریکٹر وحید احمد ہیں ۔عابد حمید نے کہا کہ سٹوڈیو مالکان راحیل باری اور خرم باری بھی یہی چاہتے ہیں کہ یہاں عوام کو اچھے ڈرامہ دیکھنے کو ملیں جس کے لئے وہ بھرپور تعاون کر رہے ہیں ۔ خرم باری نے کہا کہ سٹیج ڈرامہ تفریح کا بہترین ذریعہ ہے ،موجودہ دور میں اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھ کر ہی تھیٹر بنایا گیا ، اس کے علاوہ آرٹ ڈرامہ سمیت دیگر پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے ۔دریں اثناء تھیٹر آنر عابد حمید کے والد حاجی عبدالحمید کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی گئی اور پھر فنکاروں میں سکرپٹ تقسیم کئے گئے۔

مزید : کلچر