تنقید کرنیوالے 4لوگ ہیں ،دھمکیاں دینے والے جان لیں ڈرنے والی نہیں ،ریحام خان

تنقید کرنیوالے 4لوگ ہیں ،دھمکیاں دینے والے جان لیں ڈرنے والی نہیں ،ریحام خان

لاہور (نما ئند ہ خصو صی ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ اگر کسی کے پاس اس بات کے ثبوت ہیں کہ میں نے کسی پی ٹی آئی کے عہدیدار سے یا پھر کسی اور سے کسی بھی کام کے کوئی پیسے لئے تھے تو وہ سامنے آئے ‘ سیاسی تحریک سے پہلے یہاں ایک سماجی تحریک چلانے کی ضرورت ہے ‘ پاکستان اور اپنی سرزمین کی محبت مجھے واپس کھینچ لائی ہے میرے خلاف تنقید کرنے والے 4لوگ ہیں،ایجنٹ ہونے کا ثبوت ہے تو سامنے لائیں،مجھے دھمکیاں دینے والے جان لیں کہ میں ڈرنے والی نہیں ،پٹھان ہوں ، عزت کی خاطر جان دینا بھی آتاہے اور لڑنابھی جانتی ہوں ،کچھ لوگ سمجھتے تھے کہ خاتون ہے خاموش ہو جائے گی،ایک دو لوگوں سے نمٹ لوں گی، کسی نے گالم گلوچ کی تو خاموش نہیں رہوں گی، کچھ لوگوں نے اپنی اوقات دکھائی، اپنے بارے میں نازیبا باتیں سن کر پاکستان آنے کا فیصلہ کیا، سیاست میں آنے سے پہلے گندگی صاف کرنا ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن سے کراچی اور پھر وہاں سے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ریحام خان پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچیں۔ریحام خان نے کہا کہ اگرچہ واپس آنے پر بہت گھبراہٹ تھی لیکن پاکستان آکرسب سے زیادہ خوشی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی چند عناصر کے سوا باقی لوگ بہت اچھے ہیں، خوشی ہے کہ پاکستانیوں میں محبت اور شفقت کی کمی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر تنقید کرنے والے چار لوگ ہیں اور میں ان چار افراد کا ذکر نہیں کرنا چاہتی تاکہ ملک کی بدنامی نہ ہو۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی کے پاس میرے پیسے لینے ،فلیٹ حاصل کرنے اور ایجنٹ ہونے کے ثبوت ہیں تو وہ سامنے لائے،غلط باتیں کرنے والوں نے اپنی اوقات دکھائی ہے۔عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا کہ میرا دل کوئی نہیں دکھا سکتا،میں اپنے ذاتی کام سے لاہور آئی ہوں۔سیاست میں شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیاست سے پہلے گندگی کی صفائی ضروری ہے ۔سکیورٹی خطرات کے حوالے سے ریحام خان نے کہا کہ پٹھان ہوں جان دینابھی آتا ہے اور لڑنا بھی آتا ہے۔ ریحام خان نے خود پر عائد تمام الزامات کی تردید کی اور فیصل وواڈا کی جانب سے تعاون پر انکی اور ان کے اہلخانہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے تھے کہ خاتون ہے خاموش ہو جائے گی،ایک دو لوگوں سے نمٹ لوں گی، کسی نے گالم گلوچ کی تو خاموش نہیں رہوں گی، کچھ لوگوں نے اپنی اوقات دکھائی، انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن کے لیے کام کرتی رہوں گی جبکہ ایک ہفتے کے اندر اپنے میڈیا کریئر کا دوبارہ آغاز کروں گی۔انہوں نے کہا کہ میرا نجی ٹی وی کو جوائن کرنے کا مقصد عوام کو حقیقت سے روشناس کروانا اورتبدیلی لانا ہے۔ جب ان سے عمران خان کے انٹرویو کا سوال کیا گیاتو اس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ان کے کافی انٹرویو کر چکی ہیں ۔ قبل ا زیں ریحام خان کی لاہور ائیر پورٹ آمد پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کا ایک شاندار طریقے سے بھرپور استقبال کیا گیا۔

مزید : صفحہ اول