جی پی ایس پلس کا درجہ ملنے سے پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ،شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لندن میں برطانوی وزیرتجارت و سرمایہ کاری لارڈ موڈ سے خصوصی ملاقات کی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے برطانوی وزیرتجارت و سرمایہ کاری لارڈ موڈ سے ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ برطانیہ کی طرف سے پاکستان کے لئے ایکسپورٹ فنڈ میں اضافے پر مشکور ہیں جی پی ایس پلس کا درجہ ملنے کے بعد یورپی یونین کے لئے پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور نالج پارک میں بھی برطانوی سرمایہ کاری کے لئے بہترین مواقع موجود ہیں۔ حکومت پنجاب صوبہ میں تعمیرو ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے جس سے معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔ برطانوی وزیرتجارت و سرمایہ کاری لارڈ موڈ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں وزیراعلیٰ کی ذاتی نگرانی کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ عوامی خدمت کے شعبوں میں نگرانی کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے حکومت پنجاب نے ایک قابل تقلید مثال قائم کی۔ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں ڈیفڈ کے تعاون سے تعمیروترقی کے قابل قدر نتائج حاصل کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لندن میں پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے سربراہ ڈنکان سیلبی سے ملاقات کی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ملاقات میں پبلک ہیلتھ انگلینڈکے سربراہ ڈنکان سیلبی نے کہاہے کہ پنجاب میں نوزائیدہ بچوں کی ویکسینیشن میں بیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب میں ہیلتھ ریفارمز کا مقصد ہر شہری تک صحت عامہ کی سہولتیں پہنچانا ہے۔ صوبے میں صحت کی سہولتوں کے بارے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے 200مانیٹرنگ اسسٹنٹ متعین کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 4ہزار ویکسی نیٹروں کو کارکردگی کی مانیٹرنگ رپورٹ فراہم کرنے کے لئے سمارٹ فون مہیا کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیہات میں پیدائش کے وقت خواتین کی شرح اموات میں کمی کے لئے 700 بنیادی مراکز صحت کو 24 گھنٹے کام کرنے والے زچہ بچہ مراکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ آبادی میں اضافے کی شرح میں کمی کے لئے سنجیدگی سے کوششیں کی جا رہی ہیں اور اس ضمن میں 48ہزار ہیلتھ ورکروں کو 5 ہفتے کی تربیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈنکان سیلبی نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب نے صحت کے شعبے میں کارکردگی کی نگرانی کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کامیاب استعمال ہمارے لئے ناقابل یقین طور پر حیران کن ہے۔ یہ نظام دوسرے ترقی پذیرملکوں کے لئے قابل تقلید ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے برٹشل کونسل کے چیف ایگزیکٹو سرسیارین ڈیوان سے ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہوداحمد خان اور صوبائی وزیرخزانہ عائشہ غوث پاشا نے بھی شرکت کی۔وزاعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں برٹش کونسل کی لائبریریوں کی بحالی پر طانیہ کے شکر گزار ہیں اورپنجاب کو صوبے کے دوردراز علاقوں میں لائبریریاں قائم کرنے میں مدد دیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان کے لئے برٹش ایئرویز کی سروس بھی جلد بحال ہو جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ بلدیاتی انتخابات والے اضلاع میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور انتظامیہ اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دے۔انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری یقینی بنانے کیلئے پولیس کو فعال کردار ادا کرنا ہے ۔ پرامن ماحول میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کا انعقاد قومی ذمہ داری ہے ۔ پولیس اور انتظامی افسران پولنگ ڈے پر امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔ پرامن فضا یقینی بنانے کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ جیت کی خوشی میں فائرنگ کرنے والوں کے ساتھ بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا۔ قانون کی عملداری یقینی بنانے کیلئے پہلے کبھی سمجھوتہ کیا نہ آئندہ کروں گا۔پنجاب بھر میں اسلحہ کی نمائش اور اسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ وضع کردہ سیکورٹی پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ۔ بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے کئے جانیوالے فول پروف سیکورٹی انتظامات پر موثر عملدرآمد ہونا چاہیے۔کابینہ کمیٹی وضع کردہ سیکورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات کی مانیٹرنگ کرے۔