معرکہ کراچی ،ایم کیو ایم کو جماعت اسلامی پی ٹی آئی اتحادکا چیلنج درپیش

معرکہ کراچی ،ایم کیو ایم کو جماعت اسلامی پی ٹی آئی اتحادکا چیلنج درپیش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (رپورٹ /نعیم الدین)بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کل (ہفتہ) کراچی میں انتخابی میدان سجے گا ۔25سال سے شہرقائد میں اپنی عوامی مقبولیت اور ووٹ بینک قائم رکھنے والی متحدہ قومی موومنٹ کو اس مرتبہ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے اتحاد کے چیلنج کا سامنا ہے ۔جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی ،مسلم لیگ (ن)،اے این پی ،مہاجر قومی موومنٹ سمیت آزاد امیدواربھی سینکڑوں کی تعداد میں موجود ہیں۔ تاہم عوام کے ووٹ اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ کراچی کے میئر کا تاج کس کے سر پر سجتا ہے ۔اس مرتبہ لیاری اور ملیر کے علاقے میں انتہائی اہمیت کا حامل مقابلہ ہوسکتا ہے ، کیونکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ ان علاقوں میں بااثر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی ، متحدہ قومی موومنٹ ، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی نے انتخابات کے سلسلے میں تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ تیسرے مرحلے کے اس انتخابات میں 74لاکھ 66ہزار 576 رائے دہندگان ہیں ، جو کہ کراچی میں کل ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ واضح رہے کہ کراچی کے چھ اضلاع کی 1520براہ راست نشستوں کیلئے ، 5483 امیدوار مدمقابل ہیں۔ 6 اضلاع میں صرف 48 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ انتخابات کے بعد کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی میونسپل کارپوریشن کے ارکان کی تعداد57 ہوگی۔ کراچی کے چھ اضلاع کی مختلف کیٹگریز کی 1520نشستوں پر براہ راست انتخاب ہوگا۔ جبکہ خواتین لیبر، کسان ، نوجوان اور اقلیتوں کی 1235 نشستوں پر کوٹے کے لحاظ سے بلواسطہ انتخاب کیا جائیگا۔ یونین کونسل کی 38 اور یونین کمیٹی کی 209 نشستوں پر براہ راست پولنگ ہوگی۔ یونین کونسل اور یونین کمیٹی کیلئے چار چار کونسلر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ جبکہ اسی طرح یونین کونسل اور یونین کمیٹی کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا براہ راست انتخاب ہوگا۔ اسی طرح یونین کونسل اور یونین کمیٹی کے 6.6 ارکان براہ راست منتخب ہوکر آئیں گے۔ ضلع غربی میں اورنگی ٹاؤن، معین آباد، سائٹ، بلدیہ ، منگھوپیر، ماری پور اور ہاربر سب ڈویژن میں یونین کمیٹیوں کی تعداد 46ہے۔ جبکہ ضلع شرقی میں فیروز آباد، جمشید کواٹرز، گلشن اقبال، گلزار ہجری اسکیم 33، سب ڈویژن یونین کمیٹیوں کی تعداد 31 ہے۔ ضلع جنوبی میں صدر، آرام باغ، سول لائن ، گارڈن اور لیاری سب ڈویژن یونین کمیٹیوں کی تعداد 31ہے۔ صلع ملیر ، بن قاسم ، ابراہیم حیدری، شاہ مرید ، گڈاپ ، ایئرپورٹ اور مراد میمن یونین کمیٹیوں کی تعداد 13 ہے۔ جبکہ ضلع سینٹرل میں لیاقت آباد، گلبرگ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد اور نیو کراچی سب ڈویژن ۔ نیوکراچی سب ڈویژن میں یونین کمیٹیوں کی تعداد 51ہے، جبکہ ضلع کورنگی میں ماڈل کالونی ، شاہ فیصل کالونی، لانڈھی سب ڈویژن یونین کمیٹیوں کی تعداد 37ہے۔ واضح رہے کہ کئی سالوں بعد منعقد ہونے والے ان انتخابات میں سیکورٹی کے سخت انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ تاکہ ووٹرز انتہائی پرسکون انداز میں اپنا ووٹ استعمال کرسکے۔ یہ الیکشن انتہائی دلچسپی کا سبب بن سکتے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -