سردی بڑھتے ہی گیس لوڈ شیڈنگ دورانیے میں بھی اضافہ ہو گیا
لاہور(کامرس رپورٹر)ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔ سوئی ناردرن نے گیس کا شارٹ فال بڑھ جانے کے باوجود دوغلی پالیسی اپناتے ہوئے ٹیکسٹائل کے گیس کی سپلائی جاری رکھی ۔ نندی پور پاور پلانٹ تا حال چالو نہ ہونے کے باعث پیداوار کم ہی رہی ۔ پیداوار کم ہونے کے باعث شارٹ فال چار ہزا ر میگا واٹ کی سطح پر ہی رہا ۔ گزشتہ روز شہروں میں دس گھنٹے اور دیہی علاقوں میں تیرہ گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ انرجی مینجمنٹ سیل ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 12880 میگا واٹ جبکہ پیداواور 8710 میگا واٹ رہی طلب ور سد میں 3970 میگا واٹ کا فرق رہا ۔ دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں سمیت میدانی علاقوں میں گیس کی ڈیمانڈ بڑھ جانے سے شارٹ فال بڑھ گیا جس کے باعث چھوٹے شہروں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا عمل شروع کر دیا گیا بڑے شہروں میں گیس کا پریشر کم ہونا شروع ہو گیا ہے جس کے باعث صارفین مشکلات کا شکار ہونا شروع ہوگئے ہیں صبح کے وقت گیس کا پریشر کم ہونے سے دفاتر اور سکول جانے والوں کو شدید مشکلات پیش آئیں ۔ دوسری جانب گیس کا شارٹ فال بڑھ جانے کے باوجود ٹیکسٹائل کے لئے گیس کی فراہمی شیڈول کے مطابق جاری رکھی گئی ہے جبکہ سی این جی سیکٹر کے لئے گیس کی فراہمی گزشتہ ڈیڑھ ماہ اور دیگر انڈسٹریز کے لئے ایک ماہ سے بند ہے ۔