مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں سے بھارت میں ایک اور پاکستان جلد ابھرے گا: سراج الحق
چارسدہ(آئی این پی )جماعت اسلامی کے امیر سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کی انتہا پسند انہ پالیسیوں کی وجہ سے بھارت کے اندر ایک اور پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرنے والا ہے۔ مودی حکومت کی طرز حکمرانی اور سوچ سے بھارت میں اقلیتوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ بھارت میں کروڑوں لو گ تعلیم ، صحت ، چھت اور لباس سے محروم ہیں مگر اس کے باوجود مودی دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں ۔بھارت میں منعقد ہونے والے خالیہ انتخابات میں دو صوبوں کے عوام نے مودی کی پالیسیاں رد کرکے ان کو آئینہ دکھایا ہے ۔ وہ چارسدہ میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ سراج الحق نے کہا کہ مودی کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے اب مقبوضہ کشمیر میں بھی ان کے خلاف منفی رد عمل سامنے آرہا ہے ۔مودی حکومت کی سب سے نمایاں چیز بھارت میں مسلمانوں ، سکھوں اور عیسائیوں پر حملے ہیں ۔ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر فنکارو ں اور کھلاڑیوں کے آنے جانے سے پاک بھار ت تعلقات ٹھیک نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف حکومت ، ریاستی ادارے اور قوم ایک پلیٹ فارم پر ہے جو بڑی خوش آئندہ بات ہے ۔دہشت گردی کے خلاف خالیہ کاروائیوں کی وجہ سے کراچی سمیت پورے ملک میں خالات ٹھیک ہو رہے ہیں۔ملک میں معاشی ترقی امن سے وابستہ ہے اس لئے سب کی خواہش ہے کہ ملک اور خطے میں امن آجائے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں نیٹو افواج کی موجودگی میں افغانستان میں امن نہیں آسکتا کیونکہ اب افغان قوم اپنا نظام امریکہ اور نیٹوکے بغیر چلا سکتے ہیں ۔ سراج الحق نے مزید کہاکہ اس میں شک نہیں کہ اشرف غنی انتخابی عمل کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں مگر ان کی حکومت کے جائز اور ناجائز ہونے کے حوالے سے افغان عوام نے فیصلہ کرنا ہے ۔پاکستان اور افغانستان کے عوام کا صدیوں پرانا رشتہ ہے ۔ افغانستان کے ساتھ پاکستان کو ہر صورت بہترین تعلقات کو فروع دینا چاہیے۔