کفار کی تمام تر سازشوں کے باوجود اسلامی تحریکوں کی قدم آگے بڑھ رہے ہیں: منور حسن

کفار کی تمام تر سازشوں کے باوجود اسلامی تحریکوں کی قدم آگے بڑھ رہے ہیں: منور ...

لاہور( نمائندہ خصوصی) سابق امیر جماعت اسلامی و سابق ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ سیدمنورحسن نے کہاہے کہ ملت کفر کی تمام تر سازشوں ، ظلم و جبر اور جھوٹ کا سہارا لے کر جنگیں مسلط کرنے کے باوجود اسلامی تحریکوں کے قدم آگے بڑھ رہے ہیں ۔ دنیا میں اسلام کی مقبولیت میں اضافہ ہواہے ۔ نوجوانوں کے اندر اسلام قبول کرنے اور اس کے مطابق اپنی زندگیوں کو سنوارنے کا رجحان بہت بڑھ رہاہے جس سے عالمی استعمار تلملا اٹھاہے اور افغانستان میں بدترین شکست کے بعد عالم اسلام پر ایک نئی عالمی جنگ مسلط کرنے پر تلاہوا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام سابقین جمعیت کے اعزاز میں سائنس کالج لاہور میں دئے گئے گرینڈ ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عشائیہ تقریب سے حافظ سلمان بٹ ، امیر العظیم ، ذکر اللہ مجاہد ، رکن قومی اسمبلی چوہدری جعفر اقبال اور سابق ایم پی اے میاں حافظ نعمان ، ناظم اعلیٰ زبیر حفیظ اور اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے قائم مقام ناظم جبران سلمان نے بھی خطاب کیا ۔ سیدمنورحسن نے کہاکہ طلبہ سیاست پر پابندی لگانے والوں نے اپنے تئیں کوشش کی تھی کہ وہ ظلم و جبر کے خلاف اٹھنے والی آواز کو دبانے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن وہ ناکام رہے ہیں اور آج اسمبلیوں میں بیٹھے بہت سارے سابقین جمعیت حکمرانوں کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف ایوان کے اندر آواز اٹھا رہے ہیں جو بلاشبہ جمعیت کی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر طلبہ یونینز پر پابندی نہ لگتی تو اقتدار کے ایوانوں میں چور لٹیرے اور کرپٹ نظر آتے نہ سیاست وڈیروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے ہاتھوں یرغمال ہوتی ۔ سید منور حسن نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب خود بھارت کے اندر سے مودی حکومت کی انتہا پسندی اور مسلمانوں کیخلاف پرتشدد کاروائیوں کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے، ہمارے حکمران اس مودی سے خوش گپیاں کر کے یہ ثاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بھارتی حکومت مسلمانوں کے خلاف جو کچھ کر رہی ہے وہ بالکل ٹھیک ہے ۔

مزید : صفحہ آخر