نواز شریف لبرل پاکستان کا نعرہ لگا کر امریکہ اور مغرب کو خوش کر رہے ہیں: فضل الرحمن

نواز شریف لبرل پاکستان کا نعرہ لگا کر امریکہ اور مغرب کو خوش کر رہے ہیں: فضل ...

نوشہرہ(آئی این پی )جمعیت علما ء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف لبرل پاکستان کانعرہ لگاکر امریکہ اور مغرب کو خوش کررہے ہیں،ہمارے ہوتے ہوئے کبھی بھی لبرل پاکستان کی خواہش پوری نہیں ہوگی ،پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا ہے ۔ صدر ممنون حسین نے سود میں اسلام سے رعایت مانگنے کا مطالبہ کردیا جبکہ قرآن وحدیث میں سود کو حرام قراردیا ہے اورسود کو اللہ تعالی اور رسول ؐ کے ساتھ کھلی جنگ کے مترادف قراردیا ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں۔امریکہ نے دنیا پر اپنی بالادستی قائم کرنے اور اپنے مفادات کے حصول کے لیے مسلم امہ کو آگ میں دھکیل دیا ہے نہ ختم ہونے والی جنگ کاآغاز کردیاہے ایسے حالات نے امت مسلمہ کو سوچنے پر مجبور کردیا امریکہ خود عالمی دہشت گرد بن چکا ہے اور مسلمانوں پر دہشت گردی کی آڑ میں مسلمانوں پر جنگ مسلط کردی ہے۔ امن کے دعویدار امریکہ نے امن کی آڑ میں افغانستان عراق ، شام ، لبنان ، مصر لیبااور یمن میں خو ن کی ہولی کھیل کر ان ممالک کو ٹکڑ ے ٹکڑ ے کرنے کی جو سازش شرو ع کی یہ مسلمانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ الحدیث ڈاکٹر سید شیر علی شاہ مرحوم کی یاد میں تعزیتی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی چیرمین سینٹ عبدالغفورحیدری ،مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان ، صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا شجاع الملک اور پیر سید ذوالفقار باچا نے بھی خطاب کیاجبکہ تقریب کی صدارت قاری عمر علی نے کی۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے امریکہ اورمغرب کو خوش کرنے کیلئے لبرل پاکستان کا نعرہ لگایا اور صدر مملکت نے سود میں رعایت کی بات کرکے قرآن وحدیث اور اساس پاکستان کے خلاف بات کی ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے کلمہ طیبہ اور دو قومی نظریہ کی بنیاد پرملک بنایا، وزیر اعظم نواز شریف نے قائداعظم کی روح کو بھی تڑپا دیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پارلیمنٹ میں فوڈ اتھارٹی میں حرام وحلال کی تمیز کرنے کیلے قانون سازی کی جارہی ہے جبکہ درآمدات میں سرعام چاکلیٹ سمیت دیگر اشیاء خورد نوش میں سور کی چربی استعمال ہورہی ہے اور ایک سازش کے تحت مسلمان ممالک کو حرام خوراک فراہم کی جارہی ہے ،اس کے حوالے سے پارلیمنٹ میں قرار داد جمع کرائی تو حکومت کو حلال فوڈ اتھارٹی کا خیال آیا اور پھر جلدی میں قانون پاس کرنے کی کوشش کی ،میں نے اجلاس میں پھڈا ڈال کرحکومتی بل کو روک دیا اور اب اس بل پر مذاکرت کا آغازکردیا گیاہے ،ہم پاکستان میں حرام خوراک کی فروخت کو ناکام بنا ئیں گے۔ انہوں نے ڈاکٹر سید شیر علی شاہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالم باعمل تھے، انہوں نے قرآن وحدیث کی جوخدمت کی، رہتی دنیا تک ان کامشن جاری رہے گا۔مولانا شجا ع الملک نے جماعت اسلامی پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ سراج الحق اقتدار کے مزے اڑانے کیلئے پی ٹی ٓائی کاساتھ دے رہے ہیں, یہ اسلام کی کوئی خدمت نہیں ا س سے جماعت اسلامی اور سراج الحق کا اصل چہرہ بے نقاب ہوکیاگیا۔تقریب سے ڈاکٹر سید شیر علی شاہ کے صاحبزدے سید امجدعلی شاہ نے ٹیلی فونک خطاب بھی کیا۔

مزید : صفحہ آخر