تحریک انصاف پارٹی فنڈز خوردبرد کیس میں اکاؤنٹس کی تفصیلات پیش نہ کر سکی
اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف پارٹی فنڈز اور اکاؤنٹس میں خورد برد سے متعلق کیس میں اکاؤنٹس کی تفصیلات پیش نہ کرسکی‘ چیف الیکشن کمشنر نے غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت 21دسمبر تک ملتوی کردی۔ جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے چار رکنی بینچ نے تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکلاء پارٹی فنڈز اور اکاؤنٹس کی تفصیلات پیش نہ کرسکے۔ کیس کی سماعت اکیس دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔ پی ٹی آئی کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پارسائی کے دعویدار ہیں تو تفصیلات کیوں نہیں دیتے عمران خان نے تبدیلی کے نام پر کروڑوں اربوں روپے لئے الیکشن کمیشن میں نہ سہی تو پریس کانفرنس کرکے ہی تفصیلات دیں اور اپنے آپ کو کلیئر ثابت کریں۔ عمران خان نے ہائیکورٹ میں کیس کے سٹے کی درخواست دی ہے دوسروں پر الزام لگاتے ہیں خود سٹے آرڈر کے پیچھے چھپتے ہیں۔