پن بجلی کی پیدوار پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ،محمد عاطف خان

پن بجلی کی پیدوار پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ،محمد عاطف خان

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم اور بجلی وتوانائی محمد عاطف خان نے کہاہے کہ شمسی توانائی بجلی پیدا کرنے کا آسان،بہتر اورسستا ذریعہ ضرورہے تاہم حکومت خیبر پختونخوا کی توجہ پن بجلی کی پیداوار پر ہے کیونکہ یہاں پر چلتی پانی کی فراوانی کی وجہ سے شمسی توانائی کے مقابلے میں پن بجلی کم قیمت پر آسانی سے پیداکی جاسکتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ پن بجلی پیداکرنے کے کئی منصوبوں پرکام جاری ہے جبکہ کئی زیر غورہیں۔اس کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت شمسی توانائی سے بھرپوراستفادہ حاصل کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاورمیں سیگل کمپنی کی جانب سے شمسی توانائی سے متعلق دیئے جانے والے بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پردوسروں کے علاوہ سیکرٹری انرجی اینڈ پاوربھی موجود تھے۔کمپنی کے سربراہ نے شمسی توانائی کی اہمیت اور افادیت کے ساتھ ساتھ اپنی دوسری سرگرمیوں پربھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ وزیرتوانائی نے کہا کہ خیبر پختونخوا آج بھی پورے ملک کیلئے سستی بجلی پیداکررہی ہے جبکہ وفاق ا سے مہنگی قیمتوں پر عوام کومہیا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداواراور تقسیم کانظام وفاق کے پاس ہونے کی وجہ سے صوبے کو اس کے حق کے مطابق بجلی نہیں مل رہی ہے اورعوامی سطح پر شعور نہ ہونے کی وجہ سے وفاق کی ناانصافی اور ظلم کانزلہ حکومت خیبر پختونخوا پرگررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبے میں زیادہ سے زیادہ پن بجلی پیداکرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے تاکہ یہاں کے عوام کو ناروالوڈ شیڈنگ اورمہنگی بجلی سے نجات مل سکے۔محمد عاطف نے کہا کہ شمسی توانائی کی اہمیت سے بھی انکار نہیں اورشمسی توانائی کو بروئے کارلانے کے لئے بھی بہت جلد قابل عمل لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی کے لئے اگر ملکی اور غیر ملکی ماہرین اور کمپنیوں کی خدمات کی ضرورت پڑی توضرور استفادہ کریں گے

مزید : پشاورصفحہ اول