جماعت اسلامی کے رہنما توفیق احمد ناصر انتقال کرگئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے دیرینہ رکن اور صوبائی ناظم مالیات کے معاون توفیق احمد ناصر انتقال کرگئے۔مرحوم فاروق اعظم مسجد ٹرسٹ فیڈرل بی ایریا کے چیئر مین بھی تھے۔مرحوم نے پسماندگان میں ایک بیوہ سوگوار چھوڑی ہے اور اولاد نہیں تھی۔ دریں اثناء جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے صوبائی دفتر کے رفقاء کے ہمراہ جاکر ان مرحوم کے بھائی اور خاندان کے دیگر افراد سے تعزیت کی۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے مقامی رہنماء صلاح الدین بھی موجود تھے۔ صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ توفیق احمد ناصر مرحوم دعوت وتحریک کی عملی تصویر تھے،بیک وقت وہ کئی محاذوں پر کام کرتے تھے۔دعوت کے ابلاغ اور عوام الناس کی اصلاح کیلئے انہوں نے کئی مضامین اخبارات میں چھپوائے اور چھوٹے چھوٹے کتابچے لکھ کر وہ تقسیم کرتے اور آخری دم تک اقامت دین کی جدوجہد میں مصروف تھے۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔اس موقع پر صوبائی نائب قیم عظیم بلوچ،ناظم مالیات محمد دین منصوری اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔