جام صادق پُل ہیوی ٹریفک کے لیے بند کیا جائے، زاہد سعید

جام صادق پُل ہیوی ٹریفک کے لیے بند کیا جائے، زاہد سعید

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر زاہد سعید نے کہا ہے کورنگی صنعتی علاقے کے تاجروصنعت کاروں کی جانب سے بار بار نشان دہی کروانے کے باوجود جام صادق پُل کو ہیوی ٹریفک کے لیے بند کرنے کے اقدامات نہیں کیے جارہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ طویل انتظار کے بعد اس پُل کی مرمت مکمل ہوئی جس پر کثیر سرمایہ بھی خرچ کیا گیا، پُل کی مرمت مکمل ہونے کے بعد صوبائی و شہری انتظامیہ نے اس بات کی یقین دہانی کروائی تھی کہ اس پُل کو بھاری ٹریفک کے لیے بند کردیا جائے گا مگر تاحال عملی اقدامات نہیں کیے جارہے۔ زاہد سعید کا کہنا تھا کہ مرمت کے باوجود جام صادق پُل پر زیادہ بھاری ٹریفک کا متحمل نہیں ہوسکتا، حکومت بڑی گاڑیوں کے لیے متبادل راستے پر کام کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض جگہوں پر پُل میں ٹوٹ پھوٹ کا آغاز ہوچکاہے اور اگر بروقت اقدامات نہیں کیے گئے تو جلد یہ اپنی پرانی حالت میں آجائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے کو شہر سے جوڑنے والے اس پُل کی خستہ حالت سے پہلے بہت دشواری کا سامنا رہا، کاٹی کی دن رات محنت کے بعد اس کی مرمت کا کام شروع ہوا، اب ہم نہیں چاہتے کہ یہ محنت ضائع ہوجائے۔ انہوں نے وزیر بلدیات سے اپیل کی کہ جام صادق پل پر ہیوی ٹریفک کی روانی کو فی الفور مستقل بنیادورں پر بند کیا جائے۔

مزید : کراچی صفحہ آخر