انسداد پولیو مہم میں صوبوں کی معاونت کیلئے نیا فوکس گروپ قائم

انسداد پولیو مہم میں صوبوں کی معاونت کیلئے نیا فوکس گروپ قائم

اسلام آباد (آئی این پی) انسداد پولیو مہم میں صوبوں کی معاونت کیلئے نیا فوکس گروپ قائم کر دیا گیا، پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے وزیراعظم کے فوکس گروپ نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو خط لکھ کر اجلاس طلب کرلیاجو 7دسمبر بروزپیرکو دوپہر 2بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا۔پیر کو وزیراعظم کے فوکس گروپ نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے صوبائی چیف سیکرٹریز کو خط لکھ دیا۔ خط کے متن میں کہا گیا کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے پاکستان کو ابھی تک چیلنجز درپیش ہیں، پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے قومی کوششوں کے باوجود پولیو کے خطرات موجود ہیں، کوششوں کے نتیجے میں پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے واضح پیش رفت ہوئی ہے،پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، خط میں کہاگیا کہ پشاور، کوئٹہ، کراچی اور ملک کے وسطی علاقوں میں پولیو وائرس کے مسئلے سے نمٹا جا رہا ہے،پولیو کے خاتمے کے اہداف کے حصول کیلئے کارکنوں کو تربیت فراہم کرنا ہو گی، قومی پولیو مہم کے لئے سازگارماحول فراہم کرنا ہو گا، پولیو کے خاتمے کیلئے قومی مہم میں فوکس گروپ صوبائی حکومتوں کی مدد کرے گا۔ خط میں کہا گیا کہ پولیو کے خاتمے سے متعلق فوکس گروپ کا اجلاس دسمبر بروزپیرکو دوپہر 2بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے۔اجلاس میں صوبائی حکومتیں پولیو کے خاتمے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر