اسحٰق ڈار کا بیان عوام کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے ،جمشید الدین

اسحٰق ڈار کا بیان عوام کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے ،جمشید الدین

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکاٹکس کنڑول میاں جمشید الدین کاکا خیل نے ایک اخباری بیان میں کہاہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا بیان عوامی جذبات کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے اور اپنی ناقص پالیسی اورناکام معاشی حکمت عملی کا غصہ بے بس عوام پرنکال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازلیگ دھاندلی سے حاصل کردہ اقتدار کی طوالت کیلئے قومی اقدار کو تختہ دار پر لٹکارہے ہیں۔غریب عوام اورمزدور کسان پر فارن چاکلیٹ اور پنیر کھانے کاالزام سراسر زیادتی اور قابل مذمت ہے کیونکہ نااہل حکمران ملک کو اچھی طریقے سے چلانے میں ناکام ہو چکے ہیں اور صرف میڈیا پر بیانات کے سہارے گڈ گورننس کے چرچے چلارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام دو وقت روٹی کیلئے ترستے ہیں اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار عوامی زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں اور آئے دن مقامی اشیاء کی قیمتیں بڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کے بہتر مستقبل کیلئے عملی جدوجہد کررہے ہیں اور عوامی سطح پر اسکی شاندار پزیرائی حاصل ہورہی ہے۔ وزیر ایکسائز نے کہا کہ وفاقی حکومت اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنائے کیونکہ پختونخوا کے عوام اقتصادی راہداری منصوبہ میں کسی قسم کی تبدیلی برداشت نہیں کرینگے۔اس مسئلے پر حکومت اور اپوزیشن کا موقف ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں رات بارہ بجے تک تحریک انصاف جیت رہی تھے لیکن صبح ن لیگ دھاندلی کے ذریعے جیت گئی میاں برادران کا عوام کے حقیقی مسائل سے کوئی سروکار نہیں،انکی دلچسپی صرف پیسے بنانے میں ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر