بھارتی حکومت کا پاک، بھارت سیریز میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ، آئندہ 48 گھنٹوں میں مثبت جواب ملنے کا امکان
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی حکومت نے پاک، بھارت سیریز میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور آئندہ 48 گھنٹوں میں بھارت کی جانب سے مثبت جواب آنے کا امکان ہے ۔نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی حکومت کا سیریز میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالنے کافیصلہ کر لیا ہے اور آئندہ 48 گھنٹوں میں بھارتی حکومت اپنے فیصلے سے بی سی سی آئی کو بھی آگاہ کر دے گا۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت کے فیصلے کے بعد سیریز کے براڈ کاسٹرز کو سٹینڈ بائی رہنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے بھی پاک ، بھارت سیریز کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان بھارت کرکٹ سیریز وقت کی ضرورت ہے اور جب آئی سی ایونٹ میں پاکستان کیساتھ کھیل سکتے ہیں تو سیریز کھیلنے سے انکار بلا جواز ہے۔ انوراگ ٹھاکر کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ دونوں ممالک میں بات چیت کیلئے بھی راہیں ہموار کر سکتی ہے اور پاکستان کے ساتھ رابطوں اور کرکٹ سیریز کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے۔