سانحہ پشاور کی برسی سرکاری سطح پر منانے کا اعلان

سانحہ پشاور کی برسی سرکاری سطح پر منانے کا اعلان
سانحہ پشاور کی برسی سرکاری سطح پر منانے کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(صباح نیوز)صوبائی حکومت نے آرمی پبلک سکول پر حملے کی برسی کو سرکاری سطح پر منانے کااعلان کردیا۔ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی مشتاق غنی نے میڈیا کو بتایا کہ 16 دسمبر کو آرمی پبلک سکول کے واقعے کو ایک سال پورا ہو رہا ہے اور اس دن شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے صوبہ بھر میں سرکاری طورپر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تقریبات کے انعقاد میں پاک فوج بھی حکومت کے ساتھ شامل ہے اور اس ضمن میں آئندہ چند دنوں میں ایک مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہو گا جس میں انتظامات کو آخری شکل دی جائے گی۔

مشتاق غنی کے مطابق 16 دسمبر کو پشاور میں دو بڑی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ایک تقریب آرمی پبلک سکول اور دوسری تقریب آرکائیوز لائبریری ہال میں منعقد ہوگی جس میں اعلیٰ سیاسی قیادت، فوج کے اعلی حکام اور شہداء کے لواحقین شرکت کرینگے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ اے پی ایس کی پہلی برسی کے موقع پر آرکائیوز لائبریری کو آرمی پبلک سکول کے شہداء کے نام سے منسوب کیاجائے گا جبکہ شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے وہاں ایک یادگار بھی تعمیر کی جا رہی ہے جس پر سانحہ پشاور میں ہلاک ہونے والے تمام بچوں کے تصویریں لگائی جائیں گی۔

مشتاق غنی نے کہا کہ ہلاک ہونے والے طلبا اور دیگر عملے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے صوبے کے تمام اضلاع میں قرآن خوانی اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں جو تعلیمی ادارے شہداء کے ناموں سے منسوب کیے گئے ہیں وہاں بھی قران خوانی اور دیگر تقریبات منعقد ہوں گی خیال رہے کہ پشاور میں آرمی پبلک سکول پر طالبان کے حملے میں 141 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے اکثریت طلبا کی تھی۔اس واقعے کی دنیا بھر میں شدید مذمت کی گئی تھی جبکہ پاکستان میں سیاسی اور فوجی قیا دت نے شدت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لیے نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا تھا۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت کاروائیوں کے نتیجے میں ملک میں عمومی طورپر سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے تاہم طالبان قیادت بدستور موجود ہے۔

مزید :

پشاور -