مصر کا پاکستان کے جے ایف 17تھنڈر طیارے کی خریداری میں دلچسپی کااظہار
راولپنڈی ، قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں مصر کے سفیر شیرف شاہین نے جے ایف 17تھنڈر طیارے کی خریداری میں اپنی دلچسپی کا اظہار کردیا ۔ اُنہوں نے دلچسپی کا اظہار وفاقی وزیردفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں رانا تنویر کاکہناتھاکہ پاکستان اب بھی امریکہ ، برطانیہ ، جرمنی اور مشرق وسطیٰ کو روایتی ہتھیار فروخت کررہاہے ،مصرکو جے ایف 17تھنڈر اورسپر مشاق کی فروخت کی پیشکش کرتے ہوئے اُن کاکہناتھاکہ عراق پہلے ہی 20سپر مشاق کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کرچکاہے جبکہ ترکی کیساتھ بھی 52سپر مشاق کی ڈیل آخری مراحل میں ہے ۔ رانا تنویر نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
شیرف شاہین نے پاکستان اور مصر کے قریبی مضبوط تعلقات کوسراہتے ہوئے کہاکہ مصر دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون کا خواہاں ہے ، دونوں ممالک کے درمیان امداد سے مسلم دنیا کے دیگر ممالک بھی مستفید ہوں گے ۔
ملٹری ٹریننگ کے شعبے میں کیڈٹ ایکسچینج پروگرام کو دونوں ممالک نے سراہااور وزیردفاعی پیداوار نے مہمان کو ڈیفنس پروڈکشن اسٹیبلشمنٹ کے دورے کی دعوت دی جو مصری سفیر نے قبول کرلی۔ شیرف شاہین کاکہناتھاکہ مصرکا وفددفاعی آلات کی خریدار ی سے متعلق سوچ بچار کیلئے ڈیفنس پروڈکشن اسٹیبلشمنٹ پاکستان کا دورہ کرے گا۔