کے پی کے حکومت نے سانحہ” آرمی پبلک سکول “کی پہلی برسی سرکاری سطح منانے کا اعلان کر دیا
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا حکومت نے گذشتہ سال پشاور میں پیش آنے والے سانحہ” آرمی پبلک سکول “پر طالبان کے حملے کی پہلی برسی کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کر دیا ۔بی بی سی کے مطابق وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی مشتاق غنی نے بتایا کہ 16 دسمبر کو آرمی پبلک سکول کے واقعے کو ایک سال پورا ہو رہا ہے اور اس دن شہداءکو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے صوبہ بھر میں سرکاری طورپر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقریبات کے انعقاد میں پاک فوج بھی حکومت کے ساتھ شامل ہے اور اس سلسلے میں آئندہ چند دنوں میں ایک مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہو گا جس میں انتظامات کو آخری شکل دی جائے گی۔مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ16 دسمبر کو پشاور میں دو بڑی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ایک تقریب آرمی پبلک سکول اور دوسری تقریب آرکائیوز لائبریری ہال میں منعقد ہوگی جس میں اعلیٰ سیاسی قیادت، فوج کے اعلی حکام اور شہداءکے لواحقین شرکت کرینگے۔ اے پی ایس کی پہلی برسی کے موقع پر آرکائیوز لائبریری کو آرمی پبلک سکول کے شہداءکے نام سے منسوب کیاجائے گا جبکہ شہداءکو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے وہاں ایک یادگار بھی تعمیر کی جا رہی ہے جس پر سانحہ پشاور میں ہلاک ہونے والے تمام بچوں کے تصویریں لگائی جائیں گی۔