غیرت کے نام پر خاتون آشنا سمیت قتل معمولی لڑائی پر 2 نوجوانوں کی زندگی ختم
بہاولنگر ، میانوالی، چنیوٹ (ویب ڈیسک) غیر ت کے نام پر شوہر نے بیوی سمیت دو افراد کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزم کوشک تھا کہ ظفر نامی شخص کے اس کی بیوی سے ناجائز تعلقات تھے۔
تفصیلات کے مطابق موضع جھلن آرائیں کی اضافی بستی شیخ جمال کے رہائشی احمد دین ڈوگرنے غیرت کے نام پر فائرنگ کر کے بیوی کو آشنا سمیت قتل کر دیا، خود موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال بہاولنگر منتقل کر دیا ہے۔ جبکہ میانوالی کے نواحی علاقہ بٹیاں کے سکونتی محمد مشتاق خان نے بتایا کہ وہ سمیع اللہ خان اور قیصر نواز اپنے دوست رفیع اللہ کو ملنے اس کے گھر جار ہے تھے جبکہ چنگیز خان اور بنو از خان موٹر سائیکل پر ہم سے آگے چل رہے تھے، محلہ یتیم خانہ کے قریب شیران خان نے ایک نامعلوم شخص کے ساتھ چنگیز خان کو روکا، آفتاب اور فیاض بھی آگئے، آفتاب نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ دونوں شیدید زخمی ہو گئے، چنگیز خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ ربنواز خان کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، وجہ عنادیہ بیان کی گئی ہے کہ کچھ روز قبل ملزمان اور مقتول و مضروب کے درمیان جھگڑا ہو ا تھا۔
احمد نگر کے رہائشی شہزاد اور چمن عباس کے رہائشی شاہ زیب، رضوان وغیرہ کا دو دن قبل طاہر آباد کے علاقہ میں کسی بات پر معمولی جھگڑا ہوا جس کی رنجش پر گزشتہ روز شہزاد پر رضوان وغیرہ نے حملہ کر دیا اور مکوں ، ڈنڈوں سے تشدد کر کے قتل کر دیا۔