مختلف اضلاع کے وفود کی منشاء اللہ بٹ سے ملاقات،وزیر بننے پر مبارکباد
لاہور(جنرل رپورٹر) صو بائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ سے ان کے آفس میں مختلف اضلاع سے آئے وفود نے ملاقات کی اور انہیں وزارت ملنے پر مبارک باد دی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی گائیڈ لائن میں جلد محکمہ بلدیات کو دیگر سرکاری محکموں کے ماتھے کا جھومر بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔محکمہ بلدیات کی ا ہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنے کے لئے دور رس نتائج پر حامل متعدد اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کے نکمے اور کام نہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ایسے افراد کی لسٹیں تیار کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ صوبے بھر کے تمام ٹاؤن آفیسرز کو ایک ہفتہ کے اندر اندر تمام مین ہولوں پر ڈھکن لگا نے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔جس ٹی ایم اونے حکم پرعمل در آمد کرنے میں حجت وحیل کا مظاہرہ کیا کے خلاف سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ اس تمام عمل کی نگرانی اور چیکنگ کے لئے وزیر بلدیات خود اچانک دورے کریں گے۔