پنجا ب سکواش ایسوسی ایشن کے انتخابات

پنجا ب سکواش ایسوسی ایشن کے انتخابات

پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے انتخابات میں ڈاکٹر ندیم مختار صدر ،اور شیراز سلیم سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کی سالانہ جنرل کونسل میٹنگ لاہو میں ہوئی جس میں ٹوٹل نو میں سے آٹھ زونز نے شرکت کی اور الیکشن منعقد کیا گیا۔اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں صدرپنجاب سکواش ایسوسی ایشن امجد علی نون، شیراز سلیم سیکرٹری پنجاب سکواش ایسوسی ایشن، سینئر نائب صدر میاں فضل حق ، نائب صدور کرامت اللہ چودھری ، سہیل خان ایڈیشنل آئی جی پنجاب،طارق فاروق رانا،خزانچی محمد منصور، نعیم دستگیر خاں ، گروپ کیپٹن عامر نواز سیکرٹری پاکستان سکواش فیڈریشن،پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندے ایسوسی ایٹ سیکرٹری وقار علی، طیب سہیل اور زونل ممبران شامل تھے۔ کونسل کی میٹنگ میں امجد علی نون کی خدمات کو سراہا، کرامت اللہ چودھری کا کہنا تھا کہ امجد علی نون کی قیادت میں پنجاب سکواش ایسوسی ایشن نے بے شمار کارنامے سرانجام دیئے۔ اجلاس میں متفقہ طورپر ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکشن کمشنر لاہور چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر نعمان کبیر تھے۔ نومنتخب عہدیدارواں میں صدر ڈاکٹر ندیم مختار، سیکرٹری شیراز سلیم، خزانچی طارق صدیق ملک، سینئر نائب صدور سہیل خان، نائب صدور میں میاں فضل حق، عمر سعید ڈائریکٹر سروس ٹائرز، عمران مختار چودھری ،طارق فاروق رانا اور محمد منصور شامل ہیں۔ سات رکنی ایگزیکٹو کو نومنتخب باڈی منتخب کرے گی پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر ڈاکٹر ندیم مختار نے کہا ہے کہ ایسوسی ایشن نے صدر بناکر مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا اور صوبہ میں سکواش کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردا ادا کروں گا۔پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے انتخابات کے بعدخصوصی گفتگو کرتے ہوئے ندیم مختار نے کہا کہ وہ کافی عرصہ سے سکواش سے منسلک ہیں اور سکواش کی ترقی کے لئے وہ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کی جدید اور سائنسی بنیادوں پر تربیت کیلئے سکواش کے معروف کوچز کی خدمات حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی ،صوبے میں کھیل کے فروغ کیلئے سکواش کورٹس اور کوچنگ کورسز اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمارے کھلاڑی تکنیکی اور فٹنس کے اعتبار سے بہت بہتر ہیں لیکن اس کے باوجود وہ بڑے ایونٹس میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے میں انہیں مسئلہ درپیش رہتا ہے جس کے لئے اچھی کوچنگ ،زیادہ سے زیادہ ٹریننگ کیمپس اور ٹورنامنٹس کا انعقاد بہت ضروری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سکواش کا خاصا ٹیلنٹ موجود ہے جس کا اندازہ پاکستان کی ٹیموں میں پنجا ب سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی تعداد سے بخوبی لگایا جاسکتاہے، ہم سکواش کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے لانگ ٹرم پلاننگ کر رہے ہیں جس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں سکواش کورٹس کی تعمیر و مرمت، جونیئر سطح پر کوچنگ کورسز کا انعقاد اور کھلاڑیوں کے والدین کے ساتھ خصوصی نشستوں کا انعقاد اور ازیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کا انعقادبھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سکواش کمپلیکس میں جدید سہولیات سے آراستہ آڈیٹوریم تعمیر کیا گیا ہے جہاں کھلاڑیوں کو ملٹی میڈیا کے ذریعے ان کی خامیوں سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا فیڈ بیک بھی لیا جاتا ہے جس سے کوچز کو بھی خاصی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی کھیل کی ترقی کے لئے حکومتی سر پرستی بہت ضروری ہے اور ہماری حکومت سے گذارش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور فنڈز مہیا کرے تاکہ ماضی کی طرح سکواش کے کھیل کو عروج حاصل ہو اور ہمارے کھلاڑی پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایسوسی ایشن کے نو منتخب سیکرٹری شیراز سلیم اور ٹیم میں شامل دیگر افراد سب سکواش کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔

مزید : ایڈیشن 1