ٹرمپ کی ٹیم سے ملاقات ،طارق فاطمی 15روزہ دورے پر رواں ہفتے امریکہ جائیں گے

ٹرمپ کی ٹیم سے ملاقات ،طارق فاطمی 15روزہ دورے پر رواں ہفتے امریکہ جائیں گے

واشنگٹن/اسلام آباد(اے این این) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی رواں ہفتے امریکا کا دورہ کریں گے جہاں وہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم سے ملاقات کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ طارق فاطمی نہ صرف ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم سے ملاقات کریں گے بلکہ وہ سکبدوش ہونے والے صدر اوباما کی انتظامیہ کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ متوقع طور پر 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے تاہم وہ اپنی عبوری ٹیم تشکیل دے چکے ہیں۔پاکستانی سفارتخانے میں جلیل عباس جیلانی نے نیوز بریفنگ سے خطاب میں کہا کہ طارق فاطمی دو ہفتے کے سرکاری دورے پر واشنگٹن آرہے ہیں جہاں وہ ٹرمپ کی ٹیم کے علاوہ نئے ارکان کانگریس سے بھی ملاقاتیں کریں گے جو گزشتہ ماہ منتخب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 8 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے بعد سے واشنگٹن میں بہت کچھ ہورہا ہے اور اس تناظر میں پاکستانی نمائندہ خصوصی کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی کا دورہ امریکا ایسے وقت میں ہورہا ہے جب گزشتہ دنوں نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں۔اس گفتگو میں ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ تعمیری تعلقات کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔نواز شریف اور ٹرمپ کے درمیان ہونے والے اس رابطے نے امریکی دارالحکومت میں اپوزیشن ڈیموکریٹس اور میڈیا کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کرائی جنہوں نے امریکی حکام سے مشاورت کے بغیر بین الاقوامی رہنماؤں سے تبادلہ خیال کرنے پر ٹرمپ کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

مزید : صفحہ اول