بلاول بھٹو زرداری کا روشن خیال اور ترقی پسند جماعتوں سے اتحاد کا فیصلہ

بلاول بھٹو زرداری کا روشن خیال اور ترقی پسند جماعتوں سے اتحاد کا فیصلہ

لاہور(آن لائن )چیئرمین پیپلز پارٹی نے روشن خیال اور ترقی پسند جماعتوں سے اتحاد بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی سی ای سی سے بھی رائے طلب کرلی ہے ،ہفتہ کے روز پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزردای نے جھنگ کے ضمنی انتخابات کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے روشن خیال اور ترقی پسند سیاسی جماعتوں کا عملی اتحاد بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان بلاول ہاؤس لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی روشن خیال اور ترقی پسند جماعتوں کا عملی اتحاد بناسکتی ہے۔ جس کے لئے وہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سی ای سی میں مشاورت کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ بنیاد پرست جماعتوں کا ملکی سیاست میں مقابلہ کرنے کے لئے روشن خیال اورترقی پسند جماعتوں کا اتحاد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان پیپلزپارٹی کی سی ای سی نے اتحاد بنانے کی منظوری دے دی تو وہ خود پاکستان کی روشن خیال اور ترقی پسند سیاسی جماعتوں سے رابطہ قائم کریں گے۔

مزید : صفحہ اول