وزیر اعلیٰ سندھ نے سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کا کوٹہ بڑھا کر 5فیصد کر دیا

وزیر اعلیٰ سندھ نے سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کا کوٹہ بڑھا کر 5فیصد کر ...

کراچی (این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شا ہ نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمتوں میں معذور افراد کا کوٹہ 2 فیصد سے بڑھا کر 5فیصد کر دیا ہے جس پر من و عن عملدرآمد کیا جائیگا ۔یہ بات انہوں نے ڈس ایبل پرسن ویلفیئر آرگنائزیشن ( DPW ) کے 35 سے زائد رکنی وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ہفتہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی ۔ معذور افراد نے کہاکہ وہ ہر سال 03دسمبر کو معذورں کے عالمی دن کے موقعہ پر جمع ہوتے ہیں مگر انہیں کبھی بھی وزیراعلیٰ ہاؤس میں مدعو نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج اس امید پر انفرادی طور پر پھول لے کر آئے ہیں کہ وہ انہیں سندھ کے نوجوان اور متحرک وزیراعلیٰ کو پیش کرینگے اگر وہ انہیں اس بات کی اجازت دیں۔ انہوں نے کہا کہ کافی سالوں کے بعد انہیں وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کا موقعہ ملا ہے اس موقع پر وفد کے اراکین کی ریفریشمنٹ کے ساتھ توازع بھی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ان پھولوں کی صورت میں شکریہ کے الفاظ ہیں انہوں نے یہ کہتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کو پھول پیش کئے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ معذور افراد کے لئے کسی پروگرام کا اہتمام نہیں کر سکے مگر میں آپ لوگوں کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرونگا اور آپکو سرکاری محکموں میں آپکی قابلیت کے مطابق مقررہ کوٹے کے تحت ملازمتیں فراہم کی جائینگی۔ انہوں نے تمام صوبائی محکموں کو ہدایت جاری کی کہ وہ نئے عملے کی بھرتی کے حوالے سے معذور افراد کے کوٹے پر مکمل طریقے سے عملدرآمد کریں ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے 2005میں سندھ اسیمبلی میں قرارداد پاس کی تھی جس میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر زور دیا گیا تھا کہ وہ تعمیراتی نقشوں میں وہیل چئیرز کے لئے ریمپ شامل کرے مگر اس بات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے ۔ انہوں نے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ کسی بھی نئی عمارت کے لے آؤٹ پلان کی اس وقت تک منظوری نہ دیں جب تک کہ وہ اس میں علیحدہ سے وہیل چئیرز کے لئے ریمپ کی جگہ مختص نہ کردیں۔ سید مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر کھیل کو ہدایت کی کہ وہ مختلف معذور افراد کے لئے کھیلوں کے ایونٹ کا انعقاد کریں ۔

مزید : صفحہ آخر