حکومتی اقدامات پر ڈالر کی قدر میں کمی، کرنسی اور سونے کی سمگلنگ روکنے کیلئے سرکاری ادارے کڑی نگرانی کریں: اسحاق ڈار

حکومتی اقدامات پر ڈالر کی قدر میں کمی، کرنسی اور سونے کی سمگلنگ روکنے کیلئے ...

کراچی(اے این این) ڈالرز کی سمگلنگ روکنے کے حکومتی اقدامات کام کر گئے ،اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر میں ایک روپے تیس پیسے کی کمی ہوگئی ، قیمت خرید ایک سو چھ روپے پچاس پیسے ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی دوا سے روپیہ صحت یاب ہونے لگا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 108 روپے 60 پیسے پر پہنچی تو وزیرخزانہ نے نوٹس لیا اور ضروری اقدامات کئے۔نوٹس لئے جانے کے پہلے روز ڈالر کی قدر 80 پیسے کم ہوکر 107 روپے 80 پیسے ہوئی ۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قدر میں مزید 30پیسے کی کمی ہوئی ہے جس سے ڈالر اوپن مارکیٹ میں 107 روپے 50 پیسے کا ہوگیا ہے۔دریں اثناء وزیر خزانہ اسحق ڈار نے ایک پھر تنبیہ کی ہے کہ کسی کو روپے اور ڈالر کی قیمت تبادلہ میں گڑبڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔وزیرخزانہ نے کہاہے کہ ایف آئی اے، آئی بی،کسٹم انٹیلی جنس اورسٹیٹ بنک کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ کرنسی اور سونے کی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے کڑی نگرانی رکھیں۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ غیرقانونی اور مصنوعی طورپر کسی کو روپے اور ڈالر کی قیمت تبادلہ میں گڑبڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مالی نظم وضبط پر عملدرآمد یقینی بنایاجائیگا۔اسلام آباد میں ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کرنسی او ر سونے کی سمگلنگ میں ملوث غیرقانونی منی چینجرز کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ایف آئی اے، آئی بی،کسٹم انٹیلی جنس اورسٹیٹ بنک کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ کرنسی اور سونے کی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے کڑی نگرانی رکھیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت ریاست کی عملداری کو یقینی بنائے گی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ حکومت مفاد پرست عناصر کو ملک کی قسمت سے نہیں کھیلنے دے گی۔ا نہوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصر کو سمجھ لیناچاہیے کہ روپے کی قدر میں ایک روپے کی کمی سے قومی خزانے کو 57ارب روپے کانقصان پہنچتا ہے جوکہ پاکستان کے مفاد کے خلاف ہے۔فاریکس ڈیلرز نے سرکاری اداروں کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہا جس سے روپے اور ڈالر کی قیمت تبادلہ میں بہتری آئی ہے۔فاریکس ڈیلرز نے حکومت کومکمل تعاون کایقین دلایا۔اس سے قبل اسلام آبا د میں متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیا ن قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور یہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔اسحاق ڈار نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اوراحترام پرمبنی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تجارت اور دوسرے شعبوں میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتاہے۔

مزید : صفحہ آخر