پاک سرزمین پارٹی کا سانحہ بلدیہ کے ملزم رحمٰن بھولا اسے اظہار لاتعلقی

پاک سرزمین پارٹی کا سانحہ بلدیہ کے ملزم رحمٰن بھولا اسے اظہار لاتعلقی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور/کراچی (اے این این) پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے بنکاک سے گرفتار ہونے والے سانحہ بلدیہ کے مطلوب ملزم عبدالرحمن عرف بھولا سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔ایم کیو ایم سے علیحدہ ہوکر اپنی جماعت بنانے والے مصطفی کمال پارٹی عہدے داروں سے ملاقات کے لیے تین روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں انہوں نے ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کی۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا عبدالرحمن بھولا پاک سر زمین پارٹی کا رکن تھا یا نہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ بالکل پی ایس پی میں شامل نہیں ہوا تھا، وہ ملک میں نہیں تھا وہ تو باہر کے کسی ملک سے پکڑا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس پی میں آنے کے لیے کسی پر پابندی تو ہے نہیں، کوئی بھی آسکتا ہے تاہم جہاں تک میری اطلاعات ہیں وہ پارٹی کا حصہ نہیں۔جب ان سے کہا گیا کہ ٹی وی چینلز پر پی ایس پی کا ممبر شپ فارم دکھایا جارہا ہے جس پر عبدالرحمن عرف بھولا کے کوائف درج ہیں تو مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارا فارم انٹرنیٹ پر ہے، کوئی بھی ڈان لوڈ کرکے اسے پر کرسکتا ہے، جس عبدالرحمن کی آپ بات کررہے ہیں وہ کبھی پی ایس پی کا حصہ نہیں رہا، ہم اس کی واضح الفاظ میں تردید کرتے ہیں۔مصطفی کمال نے کہا کہ وہ سیکٹر انچارج ایم کیو ایم کے تھے اور جب بلدیہ فیکٹری میں آگ لگی یہ الزام اس وقت کا ہے لیکن ابھی وہ ملزم ہیں، تفتیش کے بعد سب پتا چل جائے گا۔سابق سینیٹر نے کہا کہ جنرل مشرف کا ہماری جماعت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، ہم علیحدہ جماعت ہیں ایم کیو ایم کا کوئی دھڑا نہیں ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد سے سیز فائر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں مصطفی کمال نے کہا کہ سیز فائر سے آپ کی کیا مراد ہے، فائرنگ کہاں ہورہی ہے، وہ تو ختم ہوگئی، آپ تو ہاری ہوئی جنگ کی بات کررہے ہیں، یہ تو ماضی کا حصہ بن گیا۔یاد رہے کہ اکتوبر کے مہینے میں مصطفی کمال نے اس وقت گورنر سندھ کے عہدے پر فائز عشرت العباد پر سنگین الزامات عائد کیے تھے اور انہیں صوبے میں تمام خرابیوں کی جڑ قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان سے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے اور انہیں فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔اس کے بعد 9 نومبر کو وفاقی حکومت نے اچانک عشرت العباد کو گورنر کے عہدے سے ہٹادیا تھا اور ان کی جگہ جسٹس سعید الزماں صدیقی کو گورنر مقرر کردیا تھا۔ دریں اثناء پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی کا کہناہے عبدالرحمن بھولا کا ان کی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ۔پاک سرزمین پارٹی کے صدرانیس قائم خانی نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ہماری پارٹی کا آن لائن کارکن بن سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ فارم بھرنے کے بعد کوئی چوری کرے یا ڈاکہ ڈالے اس کا پاک سر زمین سے کوئی تعلق نہیں۔ عبدالرحمن بھولا کی پی ایس پی سے تعلق کی خبریں بے بنیاد ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما روف صدیقی نے کہا کہ سانحہ بلدیہ میں ملوث افراد کو عبرت ناک سزا دی جائے۔انھوں نے کہا کہ وہ رحمن بھولا کے ایم کیو ایم سے تعلق کی تصدیق یا تردید نہیں کرسکتے لیکن سانحہ بلدیہ میں ملوث کسی شخص کو نہ بخشا جائے۔