ہل چلانے والے کسانوں کیلئے ہر سطح پر اقدامات جاری‘سیکرٹری زراعت

ہل چلانے والے کسانوں کیلئے ہر سطح پر اقدامات جاری‘سیکرٹری زراعت

لاہور( این این آئی)سیکرٹری زراعت پنجاب کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ کسان کے کھیت میں بکھیرے ہوئے بیج موتی میں تبدیل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں،لگن اور محنت سے ہل چلانے والے کسان کی امیدوں کو بَر لانے کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ہمیں یقین کامل ہے کہ سچے جذبوں کے ساتھ محنت کی جائے تو منزل قریب آجاتی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خوردنی تیل کے درآمدی بل کو کم کرنے کے لیے صوبہ بھر میں کئی انقلابی منصوبے شروع کئے ہیں ،تیل دار اجناس کی کاشت کے اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے گا ۔ اسی طرح زیتون کے 20لاکھ پودوں کی مفت فراہمی کے منصوبہ پر بھی تیزی سے عمل ہورہاہے ، تیل دارا جناس کو فروغ دینے کی مہم صوبہ بھر میں جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ان انقلابی منصوبوں سے خوردنی تیل کی درآمد پر ہونے والے اخراجات میں کمی ہوگی اورکسان خوشحال ہوگا۔ کسان لگن اور محنت سے کام لے تو ان منصوبوں کے ذریعے وہ معاشی خوشحالی کا نیا دریچہ کھول سکتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کا عملہ ان منصوبوں سے کسان کو زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے گردش لیل ونہار سے بے خبر ہو کر فرائض سرانجام دے رہا ہے ۔ کاشتکاروں کے پاس اب سنہرا موقع ہے کہ مذکورہ منصوبوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔

مزید : کامرس