ملک طویل عرصہ بعد بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہو گیا:شاہدرشید

ملک طویل عرصہ بعد بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہو گیا:شاہدرشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد( کامرس ڈیسک )اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت ملک طویل عرصہ بعد بجلی کی پیداوار میں خود کفیل ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے مطابق اس وقت نہ صرف بجلی کی طلب پوری ہو رہی ہے بلکہ فاضل پیداوار بھی ہو رہی ہے جس کا کریڈٹ توانائی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل میں حکومت کی دلچسپی ہے۔ شاہد رشید بٹ نے کہا کہ بجلی کی فاضل پیداوار مسائل کا حل نہیں بلکہ اسکی ابتداء ہے کیونکہ خودکفالت کے باوجود ملک کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے جبکہ کھربوں روپے کے گردشی قرضہ کا معاملہ بدستور حل طلب ہے۔ فاضل پیداوار کی صلاحیت ہونے اور اسے مستقل بنیادوں پر یقینی بنانے میں بڑا فرق ہے جس میں نجی بجلی گھروں کو بروقت ادائیگیوں کا مسئلہ سر فہرست ہے۔ماضی میں بھی سرپلس پیداوار کی صلاحیت کی موجودگی میں طویل لوڈشیڈنگ اور فسادات ہوئے ہیں اور ایک حکومت کی الیکشن میں ناکامی کا سبب بھی بجلی کا بحران ہی تھا۔ انھوں نے کہا کہ نئے بجلی گھروں کی تعمیر پر ضرورت سے زیادہ زور دیا جا رہا ہے جبکہ سالانہ کھربوں روپے کی بجلی کی چوری، ٹرانسمیشن اور ڈسٹربیوشن کا سال خوردہ نیٹ ورک اور بلنگ اور ریکوری کے مسائل جوں کے توں ہیں ۔
جنھیں توجہ نہ دی گئی تو ساری محنت اور سرمایہ کاری ضائع ہو سکتی ہے۔ موجودہ حکومت نے ملک کے انرجی مکس کو متوازن بنانے کیلئے قابل قدر کام کیا ہے جبکہ بلنگ اور ریکوری کے شعبہ میں بھی معمولی بہتری آئی ہے مگر اسکا اصل امتحان موسم گرما میں ہو گا جب بجلی کی طلب میں خاطر خواہ اضافہ ہو جاتا ہے۔

مزید :

کامرس -