ویلنگٹن ٹیسٹ،کالی آندھی پراننگز کی شکست کے بادل منڈلانے لگے

ویلنگٹن ٹیسٹ،کالی آندھی پراننگز کی شکست کے بادل منڈلانے لگے

ویلنگٹن(آئی این پی)نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین 2ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں مہمان ویسٹ انڈیز پر اننگز کی شکست کے بادل منڈلانے لگے۔ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں2وکٹوں کے نقصان پر214رنز بنا لئے ہیں۔ویسٹ انڈیز کو نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید172رنز درکار ہیں اور اسکی 8وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ویسٹ انڈیز کے بریتھ ویٹ79اور ہوپ21رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کے سکور134کے جواب میں اپنی پہلی اننگز9وکٹوں کے نقصان پر520رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی۔تفصیلات کے مطابقنیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین 2ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنے دوسرے دن کے سکور9وکٹوں کے نقصان پر 447رنز پر اننگز کا آغاز کیا تو تو ٹام بلنڈل 57 اور ٹرینٹ بولٹ 2 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، دونوں بلے بازوں نے آخری وکٹ میں 78 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 520 تک پہنچا دیا، اس موقع پر نیوزی لینڈ نے 386 رنز کی برتری کے ساتھ اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے بلنڈل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئی107رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، بولٹ نے 18رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 172 رنز درکار ہیں۔ ہیٹمیئر 66 اور کیرن پاؤل 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کریگ براتھویٹ 79 اور شائی ہوپ 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ دونوں وکٹیں میٹ ہینری نے حاصل کیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی