یمنی پیپلز کانگریس کا ایرانی پروگرام کے خلاف قومی اتحاد پر زور

یمنی پیپلز کانگریس کا ایرانی پروگرام کے خلاف قومی اتحاد پر زور

صنعاء(این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کرنے والے پیپلز کانگریس کے ایک دھڑے نے حوثی باغیوں کے خلاف پیدا ہونے والی عوامی بیداری کی تحریک کو ملک کو ایرانی ایجنٹوں سے نجات دلانے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمن میں دستوری حکومت کی حمایت کرنے والے پیپلز کانگریس کے دھڑے نے تمام نمائندہ قوتوں پر زور دیا کہ وہ ملک کو ایرانی کالونی بننے سے روکنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔پیپلز کانگریس کے اس دھڑے نے صنعاء کی قیادت کے اس بیان کا بھی خیرمقدم کیا ہے جو ملک میں ایک نئے باب کا آغاز کرنے کی خواہاں ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یمنی قوم کو غیرملکی ایجنڈے سے مکمل آزادی تک جدو جہد جاری رکھنا ہوگی۔ حکومت کے حامی دھڑے نے ملک میں بغاوت ختم کر کے سیاسی بات چیت اور تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یمنی قوم میں اتحاد ہی ملک کو ایران اور اس کے ایجنٹوں سے نجات دلا سکتا ہے۔

مزید : عالمی منظر