ایس ایم گروپ آف سکولز میں جشن صبح بہاراں کی تقریب

ایس ایم گروپ آف سکولز میں جشن صبح بہاراں کی تقریب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) جشنِ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ایس ایم گروپ آف سکولز میں دوسری سالانہ جشن صبح بہاراں کی تقریب زیر اہتمام اٹارا ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر انتظام ڈریمز لینڈ انٹرنیشنل سکولز منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ایس ایم گروپ آف سکولز کے چیئرمین ، پی ایس اے کے مرکزی جنرل سیکرٹری شیخ محمد ارشد نے ہزاروں عاشقانِ رسول ؐ کو خوش آمدید کہا اور انہیں مصطفائی لنگر بھی پیش کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے میاں حامد رضا نے کیا جبکہ ممتازنعت خواں ثناء خوانِ مصطفی ؐ محمد عثمان قادری، ارسلان قادری، داؤد شہزاد بٹ نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کرکے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ اپنی اور تقریب میں ہزاروں عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت وعقیدت کا اظہار کیا۔ مہمانانِ خصوصی حاجی شیخ محمد شریف، بانی محفل و سرپرست اعلیٰ ایس ایم گروپ آف سکول حافظ محمد اشرف، لالہ جی، علماء ومشائخ محمد طیب صدیقی، علامہ مولانا غلام شبیر احمد، مولانا محمد جعفر، علامہ قاری محمد حنیف نقشبندی، حاجی محمد اشرف نقشبندی تھے جبکہ نقابت کے فرائض عباس نقشبندی نے سرانجام دیئے۔

اس موقع پر مسجد نبوی ؐ سے حاضرین کو جشنِ صبح بہاراں کی فجر کی اذان لائیو سنائی گئی جبکہ ٹھیک صبح 10 بجے شیخ محمد ارشد کی قیادت میں فضاء میں کبوتر اور رنگ برنگے غبارے بھی چھوڑے گئے۔ اس موقع پر حاضرین محفل نے غلام ہیں غلام ہیں رسولؐ کے غلام ہیں۔ فلک شگاف نعرے بھی لگائے جبکہ شیخ ارشد نے مہمانانِ خصوصی کو واسکٹ کے تحفے بھی پیش کئے۔ خصوصی دعا بزرگ روحانی شخصیت حاجی محمد اشرف نقشبندی نے کروائی۔