یوسی کونسلر بھی میدان میں ااگئے ، چیئر مین کیخلاف عدم اعتماد کے اختیارات مانگ لئے

یوسی کونسلر بھی میدان میں ااگئے ، چیئر مین کیخلاف عدم اعتماد کے اختیارات ...

لاہور(جاوید اقبال)یونین کونسلوں کے چیئر مین اور وائس چیئر مین کی لڑائی کے بعد کونسلرز بھی میدان میں آ گئے ہیں اور انہوں نے چیئر مین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا اختیار مانگ لیا ہے اس سلسلے میں لاہور بھر کے کونسلرز نے کونسلر اتحاد تشکیل دے دیا ہے اور 8دسمبر کو کونسلر کنونشن اور 9 دسمبر کو ٹاؤن ہال میں میئر لاہور کے دفتر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔واضح رہے کہ نو دسمبر کو میئر نے ایوان کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے بتایا گیا ہے کہ یونین کوسلز کے چیئر مینوں اور وائس چیئر مینوں کی لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی وائس چیئر مین کو محکمہ بلدیات نے زبانی ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ہر یونین کونسل میں اخراجات میں مشاورت کا اختیار دیا ہے جسے چیئر مینوں نے مسترد کر رکھا ہے یہ لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی کہ کونسلرز بھی میدان میں آ گئے ہیں اور انہوں نے ہر یونین کونسل میں کئی اختیار مانگ لیے ہیں۔جن میں سر فہرست چیئر مین کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اختیار مانگا گیا ہے دوسری طرف کونسلرز نے ترقیاتی فنڈز میں مشاورت اور اعزازیہ دینے کا بھی مطالبہ کر دیہا ہے اس حوالے سے کونسلر اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کے لیے باقاعدہ طور پر آٹھ دسمبر سے تحریک چلانے کا آغاز کیا جا رہا ہے اور تحریری طور پر میئر لاہور کو مطلع کر دیا ہے نو دسمبر کو پہلا احتجاج ٹاؤن ہال میں ریکارڈ کروایا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1