لیسکو کا بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن، 10 بجلی چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے

لیسکو کا بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن، 10 بجلی چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبرنگار) چیف ایگزیکٹو لیسکو واجد علی کاظمی کی ہدایت پر ایس ڈی او امین پارک احسان اللہ فاروقی نے بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کر کے 10 بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ہے اور ان کے خلاف تھانہ شفیق آباد ، تھانہ راوی روڈ میں مقدمات درج کروا دئیے ہیں۔ ایس ڈی او امین پارک احسان اللہ فاروقی کے مطابق ایکسیئن راوی روڈ فواد خالد کی نگرانی بجلی چوروں کے خلاف چھاپے مارے گئے جس میں شفیق پارک میں چھاپہ مارا گیا تو وقار احمد نامی شخص نے گھر میں بجلی کی تاروں سے ڈائریکٹ سپلائی لے رکھی تھی۔ اسی طرح خالد پارک میں شہزاد احمد جبکہ شفیق آباد مین بازار اور اردگرد کی گلیوں اور محلوں میں بھی بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا تو عثمان احمد، محمد سلیم، زاہد خان، محمد حسین اورساجد علی سمیت وقار احمد خان اور شمیر احمد نے ڈائریکٹ کنڈیاں لگا رکھی تھیں۔ ایس ڈی او احسان اللہ فاروقی کے مطابق وقار احمد وغیرہ تمام بجلی چوروں کے بجلی کے میٹر بھی اتار لئے گئے ہیں اور تمام بجلی چوروں کے خلاف تھانہ شفیق آباد اور تھانہ راوی روڈ میں الگ الگ مقدمات درج کروا دئیے گئے ہیں، جبکہ چیف ایگزیکٹو لیسکو واجد علی کاظمی نے بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے پر ایس ڈی او امین پارک احسان اللہ فاروقی اورایکسیئن فواد خالدکی کارکردگی کوزبردست سراہا ہے۔