کریم پارک شفیق آباد ، خوفناک آتشزدگی ، لاکھوں کا گھریلو سامان، موٹر سائیکلیں ، ٹریکٹرٹرالی جل کر بھسم

کریم پارک شفیق آباد ، خوفناک آتشزدگی ، لاکھوں کا گھریلو سامان، موٹر ...

لاہور(خبر نگار) صوبائی دارالحکومت میں دو الگ الگ مقامات پر آتشزدگی کے واقعات کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی گھریلو سامان ،دو موٹر سائیکلیں جل کر تباہ جبکہ ٹریکٹر ٹرالی بھی آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آگئی۔ بتایا گیا ہے کہ شفیق آباد کے علاقہ کریم پارک میں رہائش پزیر رانا تنویر احمد کے گھر میں گزشتہ رات شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کے شعلے بھڑک اٹھے اور آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث گھر میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی فرنیچر اور دیگر گھریلو سامان جل کر راکھ ہو گیا ۔آگ نے گھر کے صحن میں کھڑی دو موٹر سائیکلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مٹاثرہ گھرانہ کے افراد بار بار ریسکیو 1122اور فائربرگیڈ کی ٹیموں کو کالیں کرتے رہے اور فائر برگیڈ سمیت ریسکیو کی ٹیموں نے کالیں موصول کرنے کے باوجود کان پر نہ دھری اور امدادی ٹیموں کے 20منٹ تاخیر سے پہنچنے پر گھریلو قیمتی سامان فرنیچر ،کپڑے اور بستر وغیرہ جل کر رکھ ہو گئے اور گھر میں کھڑی دو موٹر سائیکلیں بھی بری طرح متاثر ہوئیں ۔اسی طرح سبزہ زار کے علاقہ میں کھاڑک نالے پر کھڑی بھوسے اور چارے سے بھری ٹریکٹرٹرالی کو موٹر سائیکل پر گزرتے کسی نوجوان نے شرارت کے طورپر آگ لگا دی جس کے باعث ٹریکٹر ٹرالی آگ کی لپیٹ میں آگئی اور ٹرالی میں موجود ہزاروں روپے مالیت کا بھینسوں کا چارہ اور بھوسہ جل کر راکھ ہو گیا ۔

مزید : علاقائی